سعودی وزارت لیبر کا چھاپہ، غیر ملکی شہری کو وہ کام کرنے پر پکڑلیا جو سعودی عرب میں مقیم اکثر پاکستانی کرتے ہیں، غیر ملکیوں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں مقیم غیرملکی ورکرز اکثر دو دو نوکریاں کرتے ہیں۔ گزشتہ روز سعودی لیبرانسپکٹرز نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایسے ہی ایک غیرملکی شخص کو پکڑ لیا جو دو نوکریاں کر رہا تھا۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق انسپکٹرز ٹیلی کام کی دکانوں میں چیکنگ کر رہے تھے کہ وہاںایک ایسا غیرملکی پایا گیا جو دو مختلف نوعیت کی نوکریاں کر رہا تھا۔ وہ ایک فرم میں کل وقتی ملازم تھا اور ساتھ ہی اس ٹیلی کام کی دکان میں پارٹ ٹائم نوکری بھی کر رہا تھا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں روزگار کے لیے جانے والے افراد کو ان کے ورک پرمٹ پر درج کام کی نوعیت سے ہٹ کر کوئی بھی کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہیں اپنا پہلا پیشہ تبدیل کرنے کے لیے باقاعدہ منظوری لینی پڑتی ہے۔
مزید جانئے: ’تم نے یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر کیوں ڈالی‘ سعودی پولیس نے ڈرائیور کو دھرلیا، سخت سزا ملنے کا امکان
رپورٹ کے مطابق کسی بھی غیرملکی شخص کا ورک پرمٹ سے ہٹ کر نوکری کرنا سعودی لیبر قوانین کے آرٹیکل 38اور 39کی خلاف ورزی ہے جس پر اسے مختلف سزائیں دی جا سکتی ہیں۔دوہری نوکریاں کرنے والوں کے تعین کے لیے آج کل سعودی عرب میں انسپکشن مہم عروج پر ہے۔ سعودی وزارت محنت کا کہنا ہے کہ لیبرقوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے اور کسی بھی غیرملکی ورکر یا اس کے ملازمت دہندہ کو قانون شکنی کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔ وزارت نے شہریوں سے درخواست کی کہ اگر ان کے پاس ایسی کسی قانون شکنی کی اطلاع ہو تو وہ 19911پر وزارت کو اس کے متعلق فوری آگاہ کریں۔