چیئرمین واپڈا کا تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ
لاہور(کامرس رپورٹر)چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق 1410میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر چیئرمین واپڈا اس اہم پن بجلی منصوبے کا ہفتہ وار دورہ کیا کریں گے ۔ ان دوروں کا مقصد مقررہ اہداف کے مطابق تعمیراتی کام پر پیش رفت کو ممکن بناتے ہوئے وزیر اعظم کی ہدایت پر اوریجنل شیڈول سے قبل منصوبے کی تکمیل 2017ء کے وسط میں یقینی بنانا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ منصوبے کی شیڈول سے قبل تکمیل کے لئے تیز تر تعمیراتی پلان وضع کیا گیا ہے تاکہ سال 2017کے زیادہ پانی کی آمد کے موسم میں ہی منصوبے سے کم لاگت پن بجلی کی ایک بڑی پیداوار قومی نظام میں شامل کی جاسکے۔منصوبے کی مختلف سائٹس کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تیز تر تعمیراتی پلان میں منصوبے کے مختلف حصوں کی تعمیر کے لئے جو شیڈول طے کیا گیا ہے ، اُس پر بہر صورت عمل درآمد کیا جائے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ملک سے بجلی کی قلت دورکرنے کے لئے تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے۔ اُنہوں نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی تعمیر کے وران آنے والے مسائل کو فوری حل کرنے کے لئے کنٹریکٹرز کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھیں۔قبل ازیں تربیلا ڈیم پراجیکٹ کے جنرل منیجر اقبال مسعود صدیقی نے چیئرمین کو منصوبے کے سول اور الیکٹرو مکنیکل ورکس پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ تربیلا پن بجلی گھر کے موجودہ سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن کا کنٹریکٹ رواں ہفتے ایوارڈ کیا جاچکا ہے اور یہ مئی 2017ء میں مکمل ہوگا ۔سوئچ یارڈ کی اپ گریڈیشن سے تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کی تکمیل پر حاصل ہونے والی بجلی قومی نظام میں شامل کی جاسکے گی۔ اُنہوں نے یقین دلایا کہ تیز تر تعمیراتی پلان کے مطابق منصوبے کی تکمیل کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔