آسٹریلیا سے جیت کیلئے قومی ٹیم کو ہرشعبے میں محنت کرناہوگی،کامران اکمل

آسٹریلیا سے جیت کیلئے قومی ٹیم کو ہرشعبے میں محنت کرناہوگی،کامران اکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( سپورٹس رپورٹر) کامران اکمل نے کہاکہ پاکستان ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ آسٹریلیا کی ٹیم سے بہتر ہے اور پاکستان نے اگر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید روشن رکھنی ہے تو اسے یہ میچ ہر صورت میں جیتنا ہوگا اور اگر ٹیم آسٹریلیا سے ہاری تو پھر اس کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا کوئی امکان نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں محمد حفیظ اور وہاب ریاض فٹ ہوئے تو وہ ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان کی شکست سے ٹیم میں دھڑے بندی یا اختلاف کا نتیجہ اخذ کرلینا غلط ہوگا۔ ٹیم میں کسی قسم کی کوئی دھڑے بندی نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے بلے بازوں کی غلطیوں کی وجہ سے بھارت کے خلاف جیتا ہوا میچ ہار گئی توان کی شکست کو دھڑے بندی کا نتیجہ نہیں قرار دیا جاسکتا۔ میچ میں دباؤ کی وجہ سے بلے باز غلطیاں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کا حصہ نہ بننے سے تکلیف ہوئی ہے لیکن میری نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں میں نے امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا میری ابھی پانچ سال کی کرکٹ باقی ہے اور اپنی پرفارمنس سے کم بیک کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ کھلاڑی خوش قسمت ہیں کہ انہیں اچھی پرفارمنس نہ ہو نے کے باوجود کھیلنے کے مسلسل مواقع مل رہے ہیں لیکن جب ہم چند میچوں میں اچھی پرفارمنس نہیں دیتے تھے ٹیم سے باہر ہوجاتے تھے۔