میٹرریڈروں کو موبائل دینے کے باوجود ریڈنگ بل پر پرنٹ نہیں ہو رہی،خرم نواز گنڈا پور
لاہور(خبر نگار خصوصی) عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے چیئرمین نیب قمرالزمان چودھری کے نام خط لکھا ہے کہ لیسکو نے حال ہی میں میٹر ریڈروں کیلئے 90 ملین کی خطیر رقم سے موبائل خریدے جس کا مقصد میٹر وں کی تصاویر بنانا اور اصل ریڈنگ کی تصویر بجلی کے بلوں پر پرنٹ کرنا تھا مگر 9 ماہ گزر جانے کے بعد بھی ایک بھی پرنٹڈ بل نہیں آیااور خریدے گئے موبائل ناقص پائے گئے ہیں۔انہوں نے خط میں مطالبہ کیا کہ قومی خزانے کو 90 ملین روپے کا نقصان پہنچا ہے ،نیب اگر آزاد اور خودمختار ہے تو وہ اس کی انکوائری کرے اور واپڈا کے وزیروں اور ذمہ داروں سے جواب طلب کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف واپڈا صارفین سے 35فیصد تک زائد بل وصول کررہا ہے اور اوور بلنگ کے باعث غریب خود کشیاں کررہے ہیں اور دوسری طرف قومی دولت منظور نظر کمپنیوں اور فرنٹ مینوں کے ذریعے مختلف ہتھکنڈوں سے لوٹی جارہی ہے ۔