پیپلز پارٹی مزدوروں،کسانو ں ،دانشوروں او ر طلبہ کا اتحاد ہے،مخدوم احمد محمود
لاہور( نمائندہ خصوصی ) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمدمحمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مزدوروں ، کسانوں، طالب علموں اور دانشوروں کا اتحاد ہے۔ 26 مارچ کو جمال دین والی ، رحیم یار خان میں بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ عام آئندہ کی ملکی و سیاسی صورتحال کی نئی راہیں متعین کریگا۔ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے خاتمہ کی باتیں کرنیوالے غلط فہمی کا شکار اور تخت لاہور والے سخت پریشانی میں مبتلا ہیں ملک و قوم پر مسلط حکمران ٹولہ کے دعوے حقائق کے برعکس ہیں۔ عوام مہنگائی ، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کے عذاب سے تنگ آ چکے ہیں۔ قومی خزانے میں ساڑھے 18، ارب ڈالر زر مبادلہ کے دعوے قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش ہے۔ جنوبی پنجاب کے کسانوں کے لئے موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب کی پالیسیاں انہیں زندہ درگور کرنے کی مترادف ہیں۔ انہیں مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ فصلوں کی کاشتکاری نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور نظریہ بھٹو غریب عوام کے دکھوں کے مداوے کا نام ہے۔ پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملک کے اندر جمہوریت کی مضبوطی اور اداروں کی بالا دستی کے لئے پارلیمنٹ کے اندر قانون سازی سمیت سیاسی رواداری کے کلچر کو فروغ دیا۔ ۔