سعودی عرب میں یوم پاکستان بھرپورجوش وجذبے کیساتھ منایا گیا
جدہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب میں یوم پاکستان پورے جوش و خروش اور قومی ولولے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز سفیر پاکستان منظور الحق نے پاکستان ایمبیسی ریاض اور قونصل جنرل شہریار اکبر نے اپنی رہائشگاہ پر قومی پرچم لہراکرکیا جسے پاک آرمی اور پاک بحریہ کے دستوں نے سلامی دی۔ اس موقع پر کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دونوں تقاریب میں صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے یوم پاکستان کی مناسبت سے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ قونصل جنرل شہریار اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن بڑی اہمیت کا ہے یہ تجدید عہد کا دن ہے۔ آج پاکستان کو جن حالات کا سامنا ہے اور پاکستان اس وقت دہشتگردوں کی لپیٹ میں ہیں لیکن ہماری پاک افواج ہر چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ضرب عضب کامیابی سے دہشتگردوں کے خلاف جاری ہے اور جلد ہی کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم کا احترام اور اسے اقوام عالم میں سربلند رکھنا ہر پاکستانی پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں ہم رہتے ہیں ہم سب کا فرض ہے کہ وہاں کے مقامی قوانین کا احترام کریں، آپ کے عمل کا براہ راست اثر وطن عزیز پرمرتب ہوتا ہے۔ ہمیں اپنے آپ کو کسی طرح کے غیر قانونی کاموں میں ملوث نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ملک کی بدنامی کا باعث بنتا ہے۔قونصل جنرل نے یہ اعلان بھی کیا کہ قونصلیٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کے لئے پاکستان سے منظوری حاصل کرلی ہے، جلد ہی عمارت کا نقشہ بھی منظور ہوجائے گا اور تعمیر کا کام پھر شروع کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ قونصلیٹ کی عمارت میں کمیونٹی کی سہولت کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ معزز خواتین کی سہولت اور انہیں قونصلر سروسز فراہم کرنے کے لئے خواتین پر مشتمل سٹاف تعینات کیا گیا ہے تاکہ پردہ دار خواتین کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے نادرہ سے شناختی کارڈ آن لائن کے آغاز کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اب گھر بیٹھے درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے ۔ ڈپٹی قونصل جنرل سروس سعید نے صدر مملکت اور ہیڈ آف چانسلری جنید علی وزیر نے وزیراعظم کا قوم کے نام پیغامات پڑھ کر سنائے۔ بعدازاں ناشتے سے حاضرین کی تواضع کی گئی۔