بھارت میں مسلمان صدر بن سکتا ہے تو پاکستان میں ہندو کیوں نہیں ،بینظیر بھٹو کے وعدے پورے کروں گا :بلاول بھٹو

بھارت میں مسلمان صدر بن سکتا ہے تو پاکستان میں ہندو کیوں نہیں ،بینظیر بھٹو کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


عمر کوٹ(اے این این) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمان صدر بن سکتا ہے تو پاکستان میں ہندو صدر کیوں نہیں بن سکتا؟،ہم اقلیتوں کو ملک میں برابر کا شہری اور مساوی حقوق دلوائیں گے،بے نظیر بھٹو شہید کے وعدے میں پورے کروں گا، غیرمسلموں اور مسلمانوں کا پاکستان الگ الگ نہیں ہوسکتا، آصفہ اور بختاور کی طرح خواتین میرے ساتھ کھڑی ہو جائیں تو نیا پاکستان بنا سکتے ہیں ، پیپلزپارٹی نے ہندوؤں کو قانونی تحفظ دیا،میرج ایکٹ منظور کروایا ، ہولی کے تہوار پر عام تعطیل کی ،پہلے کسی حکومت میں اس کی جرات نہیں تھی،امیر اور غریب کا پاکستان بھی یہی ہے،ہم سب کیلئے ایک جیسا پاکستان چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے عمر کوٹ میں ہولی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سندھ حکومت نے اسمبلی میں ہندو میرج ایکٹ منظور کروایا ہے ، یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ایسا بل منظور ہوا ہو ، اس سے پہلے کسی حکومت میں ایسی جرآت نہیں تھی کہ وہ ایسا کام کرے ، آج بے نظیر بھٹو شہید کے بیٹے نے ہندوؤں کو قانونی تحفظ دیا ، یہ کافی نہیں ہے ہم آپ کو مزید مضبوط کریں گے اور آپ کو برابر کے شہری کا درجہ دلائیں گے ۔ ہم نے ہولی کے تہوار پر عام تعطیل کا اعلان کیا ، ہم اقلیتوں کو برابری کے حقوق دلوائیں گے ، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے کہ اقلیتوں کا پاکستان الگ ہو اور مسلمانوں کا پاکستان الگ ہو ، امیر اور غریب کیلئے الگ الگ پاکستان ہو ، ہم سب کیلئے ایک جیسا پاکستان چاہتے ہیں ، یہ ملک سب کا ہے ، ہم نے اس ملک میں عورت کو عزت دی ، اس کو اس کا اصل مقام دلانے کیلئے کوشش کی ۔ میری اس ملک میں رہنے والی اقلیتوں سے اپیل ہے کہ اس ملک کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں ، میری پاکستان کی خواتین سے اپیل ہے کہ وہ آگے آئیں اور میرا ساتھ دیں ، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تحریک اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک اس میں مرد اور عورت ایک ساتھ شانہ بشانہ کام نہیں کرتے ۔ پاکستان کی تاریخ بتاتی ہے کہ محمد علی جناح کو قائد اعظم بنانے میں سب سے بڑا کردار فاطمہ جناح کا تھا ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے بغیر پاکستان نامکمل ہوتا ۔ میں اپیل کرتا ہوں کہ میری تمام بہنیں میرے ساتھ کھڑی ہوجائیں تاکہ اس ملک کی تقدیر کو بدلا جاسکے ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا ، ان غریبوں نے ہی پاکستان کی حالت بدلی ، آج پھر انہی غریبوں کو آگے آ کر پاکستان کی حالت بدلنا ہوگی ، میں وعدہ کرتا ہوں کہ کبھی آپ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا ، آپ سب کو آپ کے حقوق واپس دلاؤں گا ۔ میں آپ سب کی جنگ ایسے لڑوں گا جیسے میری والدہ نے لڑی تھی ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس علاقے میں گیس نہیں ہے ، بنیادی سہولیات کی کمی ہے ، آج بھی چولہا جلانے کیلئے لکڑیاں جلائی جا رہی ہیں ۔ وفاقی حکومت کو معلوم ہونا چاہیئے کہ اس صوبے سے سب سے زیادہ گیس پیدا ہو رہی ہے اور اس پر سب سے زیادہ حق یہاں کے عوام کا ہے ، میں حکومت کو کہتا ہوں کہ عمر کوٹ کو جلد از جلد گیس فراہم کی جائے ورنہ میں یہاں کے عوام کے ساتھ خود احتجاج کروں گا ، انہوں نے کہا کہ 26 مارچ کو جنوبی پنجاب کے دورے پر روانہ ہو رہا ہوں ، میں یقین دلاتا ہوں کہ شہید بی بی نے جو آپ سے وعدے کئے تھے اس کا بیٹا ان وعدوں کو پورا کرنے کیلئے میدان میں آ گیا ہے ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ میں تمام صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سندھ کی طرح تمام صوبے اقلیتوں کو برابری کے شہری ہونے کے لیے قوانین بنائیں۔بلاول بھٹو نے ہندو برادری کو اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ایک بھائی کی حیثیت سے وعدہ کرتا ہوں آپ کے حقوق کے لیے لڑتا رہوں گا، جلسے کے منتظمین نے بلاول کو راجپوتوں کی مخصوص پگڑی پہنائی۔

مزید :

صفحہ اول -