سینیٹر پرویز رشید پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس میں رضاکارانہ پیش ہو گئے

سینیٹر پرویز رشید پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس میں رضاکارانہ پیش ہو گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد اور قانون کا احترام ہر فریق پر لازم ہے، ڈاکٹر شاہد مسعود کے پروگرام میں اخلاق سے عاری گفتگو پر تبصرہ کیا جس پر انہوں نے پیمرا میں شکایت درج کرا دی، رضا کارانہ طور پر کونسل آف کمپلینٹس میں حاضر ہوا تاکہ جنہوں نے میرے خلاف شکایت کی ہے ان کو سن سکوں اور اپنا موقف پیش کر سکوں تاہم شکایت کنندہ امریکہ روانہ ہو گئے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) کے ہیڈکوارٹرز کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرچہ قانونی طور پر کونسل کے سامنے پیش ہونے کے پابند نہیں تھے تاہم وہ اسے قانونی نہیں بلکہ ایک اخلاقی ذمہ داری تصور کرتے ہوئے پیش ہوئے تاکہ قانون سب کیلئے برابر ہے، کی مثال قائم ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ان کے کمنٹس سے پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی تاہم یہ معاملہ کونسل آف کمپلینٹس میں ہے اور اس پر زیادہ بات کرنا مناسب نہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کے وکیل بیرسٹر ظفراﷲ نے کہا کہ حکومت کی سنجیدگی ہے کہ آج ان کے موکل بطور وزیر خود حاضر ہوئے، اگرچہ ان کا آنا ضروری نہ تھا، اچھا ہوتا کہ اگر ڈاکٹر شاہد مسعود بھی آ جاتے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر اسحاق ڈار کے کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کو مختلف ذرائع سے انہیں نوٹس دینے کی بارہا کوشش کی تاہم وہ نوٹس وصول نہیں کر رہے۔ انہوں نے ڈاکٹر شاہد مسعود سے کہا کہ وہ سینیٹر اسحاق ڈار کے کیس میں نوٹس وصول کر لیں تاکہ قانون اپنا راستہ بنائے۔

مزید :

صفحہ اول -