جنوبی پنجاب میں منصوبوں کی تکمیل سے ترقی کے نئے دورکاآغازہوگا، خالدمسعود
لاہور(سپیشل رپورٹر)وفاقی سیکرٹری مواصلات خالدمسعود چوہدری نے کہاکہ ساؤتھ پنجاب میں این ایچ اے کے جاری منصوبوں کی تکمیل پریہاں ترقی کے نئے دورکاآغازہوگا۔ این ایچ اے پنجاب (ساؤتھ) ہیڈ کوارٹر میں اپنی پہلی بریفنگ کے موقع پر انہوں نے کہاکہ حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی خصوصاََذرائع نقل وحمل پرخصوصی توجہ دے رہی ہے اورساؤتھ پنجاب کے جاری منصوبو ں کے لئے بھی فراخدلی سے فنڈزدیئے جارہے ہیں ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہائی وے سفیٹی کے بارے میں نہ صرف این ایچ اے کی سطح پربلکہ مقامی حکومتوں کی معاونت سے زیادہ سے زیادہ آگاہی دیتے ہوئے ٹھوس اقدامات بھی اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں بڑی یاچھوٹی سڑکوں اورموٹروے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں وہیں ہمیں ان کے کناروں پریاموزوں جگہوں پردرختوں کی نشوونماکاخاص خیال رکھناچاہیے تاکہ ہم اپنی قوم کی ایک صحت مندماحول بھی دے سکیں ۔اس موقع پرجی ایم ساؤتھ ذوالفقار علی جنجوعہ ،ممبرکراچی لاہورموٹروے منصوراحمدسروہی اورجی ایم موٹروے ملتان سکھرعبدالطیف مہیسرنے بتایاکہ تین حصوں میں بننے والی فیصل آباد،خانیوال موٹروے جو189کلومیٹرطویل ہے کاایک حصہ مکمل ہوگیاہے ایک حصے کاکنٹریکٹ دیدیاگیاہے اوراس کے تیسرے حصے کاکنٹریکٹ آئندہ ماہ دیدیاجائے گا۔اس کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک فنڈزفراہم کررہاہے جبکہ اسی موٹرسے کاملتان خانیوال والاحصہ پہلے ہی مکمل کرلیاگیاہے۔انہوں نے بتایاکہ لاہور سے عبدالحکیم تک 230کلومیٹرطویل موٹروے کی تعمیر کے لئے ٹینڈر زفائنل ہوگئے ہیں آئندہ ماہ سے اس پرکام شروع ہوجائے گااوریہ تقریباََ24ماہ میں مکمل کرلی جائے گی۔ملتان کے علاقے ناگ شاہ چوک سے ملتان سکھر موٹروے جس کی لمبائی 392کلومیٹرہے اس کے بھی ٹینڈرہوگئے ہیں اس کے لئے چین کاایک بینک سرمایہ مہیاکرے گااسی سال اس پرکام شروع ہوگااوریہ تین سال میں مکمل ہوگی ۔اس پرلاگت کاتخمینہ 294بلین روپے ہے یہ شاہراہ ملتان ،شجاعباد،جلالپورپیروالا،احمدپورشرقیہ ،لیاقت پور،خان پور،رحیم یارخان ،صادق آباد،گھوٹکی اورروھڑی سے گزرے گی اس میگاپروجیکٹ کا268کلومیٹرپنجاب میں جبکہ تقریباََ128کلومیٹرسندھ میں بنے گااس کی لینڈ ایکوزیشن کے لئے 15535ملین روپے کے فنڈزبھی ہمیں ٹرانسفرہوچکے ہیں اورسندھ میں اس کی کام کی تکمیل اورسیکیورٹی کیلئے ایک خصوصی فورس بھی بنائی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ جلالپورپیروالاسے اوچ شریف تک نئی سڑک کی تعمیرکاپی سی ون مکمل ہوچکاہے 27کلومیٹرکی اس سڑک پرتقریباََ800ملین اخراجات کاتخمینہ ہے اوریہ کام شروع ہونے پر8ماہ میں مکمل ہوگی۔انہوں نے بتایاکہ ڈیرہ غازیخان میں دریائے سندھ پرپہلے سے بنے ہوئے غازی گھاٹ پل کے ساتھ ایک اورپل بنایاجارہاہے اس سے اس ایریا میں ہیوی ٹریفک کے مسائل کافی حدتک کم ہوجائیں گے ۔اسی طرح چاچڑاں شریف اورکوٹ ادو کولنک کرنے کے لئے مٹھن کوٹ میں بننے والاپل اوراس کی اپروچ روڈزکا90فیصدکام مکمل ہوگیاہے اس پر505بلین روپے کی لاگت کاتخمینہ ہے جبکہ شورکوٹ اورگڑھ مہاراجہ کوملانے کیلئے 4048ملین روپے کی لاگت سے بننے والے پل کابھی 95فیصدسے زائد کام مکمل ہوگیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ فورٹ منرو سے بلوچستان جانے کے لئے موجودہ خطرناک راستے کومحفوظ بنانے کیلئے تین حصوں پرمشتمل ایک منصوبہ شروع کیاجارہاہے جس کے لئے جاپان کی تکنیکی مہارت میسرہوگی ۔اس کے پہلے دوحصے جوگردوسے شروع ہوکرکھرپراختتام پذیرہوگا کی لاگت تقریباََ23477ملین روپے ہے اس 11.6کلومیٹرکے دوشوارگزار اورگہری کھائیوں کے علاقے میں ’’سٹیل بکس گرڈرز‘‘ٹیکنالوجی کااستعمال کیاجائے گاجبکہ اس کے تینوں حصوں کی لمبائی 32.65کلومیٹرہوگی۔