ڈسکہ میں لٹریری فیسٹول کی اجازت نہ دینے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور(نامہ نگارخصوصی)شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی پر4 اپریل کو ڈسکہ میں لٹریری فیسٹول کی اجازت نہ دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ۔یہ درخواست پیپلز پارٹی تحصیل ڈسکہ کے صدر راحیل کامران چیمہ نے عابد ساقی ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈسکہ میں ہر سال ذوالفقار بھٹو شہید کی برسی پر چار اپریل کو لٹریری فیسٹول منعقد کیا جاتا ہے مگر اس مرتبہ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ نے سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر لٹریری فیسٹول منعقد کرنے سے روک دیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر نے سیاسی بنیاد پر ذوالفقار بھٹو کی برسی پر فیسٹول منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کا اجازت نہ دینے کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فیسٹول منعقد کرنے کی اجازت دی جائے اور فیسٹول کیلئے سکیورٹی فراہم کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔