وزیراعلیٰ نے ہیلی کاپٹر اچانک منڈی رائیونڈ ریلوے لائنز کے قریب خالی جگہ پر اتارلیا
لاہور)پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چوہنگ پولیس ٹریننگ سنٹر میں ڈولفن فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت سے واپسی پر اپنا ہیلی کاپٹر اچانک منڈی رائے ونڈ میں ریلوے لائنز کے قریب خالی جگہ پر اتار لیا۔وزیراعلیٰ بغیر کسی سکیورٹی اورپروٹوکول کے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول منڈی رائے ونڈگئے،اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ساتھ کوئی گاڑی بھی موجود نہ تھی اورانہوں نے ریلوے لائنز سے سکول تک کا فاصلہ پیدل چل کرطہ کیا۔ وزیراعلیٰ کی غیر اعلانیہ سکول آمد پرطالبات کو خوشگوار حیرت ہوئی اورانہوں نے وزیراعلیٰ کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے سکول میں طالبات سے بات چیت کی اور ان کے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ نے طالبات کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں حل کیے جائیں گے۔ ایک طالبہ آمنہ بتول نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اس کے والد دنیا میں نہیں ہیں اورمیرے لئے تعلیمی اخراجات برداشت کرنا بھی مشکل ہے، طالبہ وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی جس پر وزیراعلیٰ کی بھی آنکھیں بھر آئیں اورانہوں نے طالبہ آمنہ بتول کے سر پر ہاتھ رکھ کراسے تسلی دی اورکہا کہ پنجاب حکومت آپ کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی اورآپ جیسی قوم کی ہونہار بیٹیوں کو تعلیم دلانے کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔ وزیراعلیٰ کلاس رومز میں بھی گئے اوروہاں موجود بچوں سے ان کی تعلیم کے بارے دریافت کیا ۔ وزیراعلیٰ کلاس روم میں موجودبچوں کے ساتھ ڈیسک پر بیٹھ گئے اور ان سے اردو کے ساتھ انگریزی میں بھی سوال پوچھے ۔ وزیراعلیٰ نے درست جواب دینے پر بچوں کو شاباش دی اورتلقین کی کہ آپ محنت سے اپنی پڑھائی پر توجہ دیں۔وزیراعلیٰ کی اچانک آمد کے باوجودمنڈی رائیونڈ میں ہزاروں لوگ جمع ہوگئے اور انہوں نے’’ دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا‘‘اور’’شہبازشریف زندہ باد‘‘کے نعرے لگائے۔سکول کے دورے کے بعد وزیراعلیٰ پیدل چل کر ہیلی کاپٹر تک آئے تو اردگرد کی آبادی کے ہزاروں لوگوں کا اجتماع بن گیا اوروزیراعلیٰ کا اچانک دورہ ایک جلسے کی صورت اختیار کرگیا۔وزیراعلیٰ کواپنے درمیان دیکھ کرآبادی کے لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔وزیراعلیٰ نے ہاتھ ہلا کرلوگوں کا نعروں کا جواب دیا۔