حکومت سندھ کراچی کے حالت زار پر توجہ دے ،سینیٹر نہال ہاشمی

حکومت سندھ کراچی کے حالت زار پر توجہ دے ،سینیٹر نہال ہاشمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کراچی کی حالت زار پر توجہ دے اور فوری طور پر بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے ۔مسلم لیگ (ن) کی رکنیت سازی مہم کو عوام نے بے انتہا سراہا ہے ۔کراچی کے پانچوں اضلاع ورکرز کنونشنز منعقد کرنے کے ساتھ ایک بڑا عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا جس سے پارٹی کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو قائد آباد،اسٹیل ٹاؤن ،ملیر اور اسٹار گیٹ شاہراہ فیصل پر رکنیت سازی کیمپوں کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ان کے ہمراہ پارٹی کے رہنما اسد عثمانی بھی تھے ۔انہوں نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر رکنیت سازی کیمپوں کے انعقاد کے بعد یونین کمیٹیوں میں کیمپس لگائے جائیں گے اور جلد تمام یوسیز میں مسلم لیگ (ن) کے دفاتر کھولے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے جس کے شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کراچی میں ایک بڑی عوامی جماعت بن کر سامنے آرہی ہے ۔اسی وجہ سے اب ہماری سیاسی سرگرمیوں کا محور شہر قائد ہے اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف جلد کراچی کے دورے میں شہر کے لیے دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کریں گے ۔