معاشرے میں سدھار کے لیے اسلامی نظریہ عام کرنا ہوگا،محمد حسین محنتی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اوصاف حمیدہ ہی کارکنان کوعوام سے قریب تر کرسکتے ہیں ،بہترین خوبیوں کا حامل کارکن ہی دعوت ،تربیت اور عملی میدان میں کارہائے نمایاں ا نجام دے سکتا ہے ،معاشرے میں سدھار کے لیے مغرب ولادین نظریات کو ختم کرکے اسلامی نظریہ کوعام کریں گے ،آج کوروشن اورتابناک بنانے کے لیے کل کی غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے ،فریضہ اقامت دین کی ادائیگی کے لیے گھر گھر دستک دینی ہوگی ،عوامی کی بیداری ہی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے ،بدعنوان اورلٹیرے حکمراں ملکی معیشت کو امریکہ کے ہاتھوں گروی رکھے ہوئے ہیں ،آئی ایم ایف کی غلامی کسی صورت قبول نہیں ۔ ان خیالات کا اظہارادارہ نور حق کراچی میں منعقدہ تربیت گاہ سے نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ وسابق ممبر قومی اسمبلی محمد حسین محنتی ،قیم صوبہ ممتاز حسین سہتو ،ڈائریکٹرادارہ معارف اسلامی سید شاہد ہاشمی ،نائب قیم صوبہ نصراللہ چنہ ،امیرجماعت اسلامی ضلع شرقی وسابق ممبر سندھ اسمبلی محمد یونس بارائی ،امیرجماعت اسلامی جمشید زون نصیرالدین حسینی ،سید بخت علی شاہ ،حافظ محمد اکمل ،عمارقریشی اور دیگر نے اپنے خطاب کے دوران کیا ۔