ٹیم میں گروپنگ کی خبریں آنے کے بعد عمر اکمل نے چپ کا روزہ رکھ لیا
موہالی(مانیٹرنگ ڈیسک) نیوزی لینڈ سے میچ میں ناقص ترین کارکردگی اور ٹیم میں گروپنگ کی خبریں آنے کے بعد عمر اکمل نے چپ کا روزہ رکھ لیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق بلے باز عمر اکمل نے جمعرات کو آسٹریلیا سے میچ کیلئے لگائے گئے ٹریننگ کیمپ میں سب سے الگ تھلگ رہ کر پریکٹس کی تھی ، وہ سب سے پہلے سٹیڈیم پہنچے اور کیمپ ختم ہونے پر سب سے پہلے بس میں سوار ہوئے جبکہ باقی کھلاڑی آدھے گھنٹے سے بھی زائد تاخیر سے بس میں سوار ہوئے ۔ عمر اکمل نے بس میں بیٹھنے کے دوران کسی کھلاڑی سے بات نہیں کی اور کانوں میں واک مین لگا کر موسیقی سنتے رہے۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ سے آسان میچ میں شکست کے بعد عمر اکمل کو یہ تاثر ملا کہ ٹیم کی شکست کا ملبہ ان پر گرادیا گیا ہے جس کے بعد وہ کافی پریشان رہنے لگے ہیں اور ڈریسنگ روم میں بھی کسی دوسرے کھلاڑی سے بات نہیں کرتے جبکہ سب سے الگ تھلگ ہی رہتے ہیں۔
ٹیم میں ” چار کا ٹولہ“ کی گونج کے بعد عمر اکمل کو یہ فکر بھی لاحق ہے کہ کہیں ورلڈ ٹی 20 کے بعد پی سی بی کی جانب سے ان کیخلاف سخت ایکشن نہ لے لیا جائے جس کی وجہ سے ہر وقت فکرمند نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں عمر اکمل نے 26 گیندوں پر 24 رنز بنائے تھے اور اس دوران کوئی باونڈری بھی نہیں لگائی ۔ اتنی سست رفتاری سے بیٹنگ کرنے پر عمومی تاثر یہی گیا کہ شاید انہوں نے جان بوجھ کر ایسی بیٹنگ کی۔