جعلی تعلیمی اسناد پر اسلام آباد پولیس کے 9 اہلکاروں کیخلاف مقدمات درج
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے محکمہ پولیس نے آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے جعلی اسناد و ڈگریوں والے اہلکاروں کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ابتدائی طور پر 9اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے محکمہ پولیس میں سب انسپکٹر رینک تک کے افسران کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پولیس لائن ہیڈ کوارٹر سے آپریشن کلین اپ کا آغاز کردیا ہے ۔تعلیمی اسناد کی تصدیق کے دوران ہیڈ کانسٹیبل تک کے 9 پولیس اہلکاروں کی میٹرک کی سندیں جعلی نکلیں جن کیخلاف تھانہ شمس کالونی میں دفعہ 420 اور 468 کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔ مذکورہ اہلکاروں کی تعلیمی اسناد بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے جعلی قرار دی تھیں۔