ورلڈ ٹی ٹونٹی ،ویسٹ انڈیز جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
ناگپور (مانیٹرنگ ڈیسک ) ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے مارلن سیموئیل کی ذمہ دار بیٹنگ کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ناگپور میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 122رنز بنائے جبکہ ڈی کوک 47 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ۔ویسٹ انڈیز نے مقررہ ہدف 2 گیندیں قبل 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا جبکہ سیموئیل 44 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور خطرناک بلے باز کرس گیل4 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے ۔ گزشتہ میچ میں 80 رنز سکور کرنے والے فلیچر اس دفعہ بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ جونس چارلس نے 32 رنز سکور کیے ۔ دیگر بلے بازوں میں براوو نے 8 اور رسل نے 4 رنز سکور کیے ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے 2 جبکہ رباڈا،پنگاسو ،مورس اور وائس نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور اوپنر ہاشم آملہ ایک سکور بنا کر رن آوٹ ہو گئے ۔13رنز کے مجوعی سکور پر پروٹیز کی دوسری وکٹ بھی گر گئی ، کپتان ڈوپلیسسز 9 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوئے ۔تیسرے آوٹ ہونے والے بلے باز روسو تھے جنہیں کرس گیل نے کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین بھیج دیا۔ڈی ویلیئرز بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 10 رنز بنا کر آْوٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر 1 رنز بنا سکے۔دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ وائس نے 28 اور کرس مورس نے 16رنز بنائے ۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے گرس گیل ،براوو اور رسل نے 2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
واضح رہے ایونٹ میں جنوبی افریقہ کو انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ دوسرے میچ میں اس نے افغانستان کو شکست دی ۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز اپنے پہلے دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے اور آج کے میچ کامیابی اسے سیمی فائنل میں پہنچا دے گی ۔