اگر آپ کو جہاز چلانا نہیں آتا تب بھی آپ اس ائیرلائن میں پائلٹ کی نوکری حاصل کرسکتے ہیں، تربیت کمپنی دے گی، شاندار اعلان ہوگیا
نیویارک(نیوزڈیسک)ہوائی جہاز چلانے اور پائلٹ بننے کا خواب ہر انسان بچپن سے دیکھتا ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ عملی زندگی میں یہ ممکن نہیں رہتا۔تاہم اب ایک بین الاقوامی ایئر لائن ’جیٹ بلیو‘نے اعلان کیا ہے کہ لوگ صرف چار سال کی ٹریننگ کے ذریعے پائلٹ بن سکتے ہیں۔
کمپنی نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ لوگ اس ٹریننگ سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں جنہیں جہاز اڑانے کا بالکل بھی تجربہ نہیں ہے۔ٹریننگ لینے والے افراد کی کم از کم عمر23سال اور ان کا ہائی سکول پاس ہونا ضروری ہے۔کمپنی کے سیئنر نائب صدروارن کرسٹی نے سی این این کو بتایا کہ اس ٹریننگ میں ان لوگوں کے لئے سنہری موقع ہے جن کا خواب جہاز اڑانا رہاہے لیکن وہ عملی زندگی اور دیگر مشکلات کی وجہ سے اس خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کرسکے۔داخلہ لینے کے لئے درخواست گزار کو ایک مضمون لکھنا ہوگا اور اپنی ٹریننگ کی وجہ بتانی ہوگی۔اس کے بعد چند میڈیکل ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد اسے ٹریننگ دی جائے گی۔چار سال کی ٹریننگ میں وہ1500گھنٹے جہاز اڑائے گااور اس کے بعد اسے جیٹ بلیو میں کوپائلٹ کی نوکری دے دی جائے گی۔اس ٹریننگ کی فیس 125,000ڈالر(ایک کروڑ 30لاکھ روپے) ہوگی جو کہ امریکہ میں رائج کالج فیس کے برار ہے۔