ایران غیرذمہ داری کا مظاہرہ کررہاہے،امریکا کی نرمی ایرانی اشتعال انگیزیوں میں مددگارہے: واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نیئر ایسٹ اسٹڈیز
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نیئر ایسٹ اسٹڈیز کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران حکومت کے ساتھ واشنگٹن کی نرمی خطے میں ایران کی توسیع اور اس کے زہر آلود عزائم پھیلانے میں مددگار ثابت ہوئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فار نیئر ایسٹ اسٹڈیز میں عرب پالیسی پروگرام کے ڈائریکٹر ڈیوڈ شنکرنے کہاکہ گزشتہ جون میں نیوکلیئر معاہدے پر دستخط کے بعد سے ایرانی اشتعال انگیزیوں کے حوالے سے امریکا نے جس رواداری اور بے پروائی کا مظاہرہ کیا اس نے خطے میں واشنگٹن حکومت کے مقام اور صداقت کو شدید ٹھیس پہنچائی ہے بالخصوص اس کے خلیجی حلیفوں کی نظر میں۔انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال جنوری میں تہران نے خلیج عربی کے پانی میں تربیتی مہم سرانجام دینے والے 10 امریکی عسکری ملاحوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ اس وقت بھی امریکا نے بطور سپرپاور متوقع ردعمل کا اظہار نہیں کیا، بالخصوص جب ایرانیوں نے گرفتار شدگان کی وڈیو جاری کی تھی جس کو بعض حلقوں نے "باعث اشتعال" قرار دیا تھا۔شنکر نے باور کرایا کہ فوجی اہل کاروں کی رہائی کے ایک روز بعد تہران کی جانب سے ان کی وڈیو جاری کرنا "جنیوا کنونشن" کی خلاف ورزی ہے۔ تاہم اس کے باوجود ایرانیوں کی جانب سے ہفتوں بعد بھی گرفتاری کے نئے کلپس نشر کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ ان میں ایک امریکی ملاح دوران قید تقریبا روتا دکھائی دیا۔ اس دوران ایرانی حکومت نے فخریہ طور پر بتایا کہ اس نے ملاحوں کے پاس سے برآمد ہونے والے آلات سے سیکڑوں صفحوں پر مشتمل معلومات کو حذف کردیا۔ڈیوڈ شنکر نے کہاکہ نیوکلیئر معاہدے اور پابندیاں اٹھائے جانے کے باوجود ابھی تک واشنگٹن کے حوالے سے تہران کا موقف باعث اشتعال اور مقابلے پر مبنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوباما انتظامیہ معاہدے کو خطرے سے دوچار نہیں کرنا چاہتی ہے، اس وجہ سے اس نے ایران کے غیرمحتاط رویے کا جواب بے پروائی کی صورت میں دیا۔ اگرچہ اس کمزوری کے اظہار کا مقصد جی حضوری نہ تھا۔ ڈیوڈ شنکر کا یہ بھی کہنا ہے کہ "واشنگٹن نے خطے میں درپیش ایرانی چیلنجوں کے حوالے سے مطلوبہ توجہ مبذول نہیں کی۔