حکومت اور تاجروں کے مابین معاہدہ ، صنعتی مزدوروں کو تب دق کا مفت علاج ملے گا

حکومت اور تاجروں کے مابین معاہدہ ، صنعتی مزدوروں کو تب دق کا مفت علاج ملے گا

لاہور (جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے پاکستان اور پنجاب سے تپ دق کی بیماری کا خاتمہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور حکومت کا عزم ہے جسے پورا کرنے کے لئے تمام وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تپ دق کو نوٹیفائی ایبل بیماری قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے تحت تمام ڈاکٹر ز ہیومیو پیتھ ، حکماء تب دق کے مریض کی اطلاع محکمہ کو فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ ٹی بی کنٹرول پروگرام اور لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری صنعتی مزدوروں میں تپ دق کی بیماری کی سکریننگ اور علاج کے سلسلہ میں تعاون کریں گے ۔ انہوں نے یہ بات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام اور لاہور چیمبر کے درمیان تپ دق کی بیماری کے خاتمے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ایم او یو پر ٹی بی کنٹرول پروگرام کی پراونشل ڈائریکٹر ڈاکٹر زرفشاں طاہر اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے دستاویز پر دستخط کئے ۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ایل سی سی آئی محکمہ صحت کو صوبے کے 20 لاکھ صنعتی مزدوروں تک رسائی میں مدد فراہم کرے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے بتایا پنجاب ٹی بی کنٹرول پروگرام لاہور چیمبر آف کامرس کو کوپن فراہم کرے گا جو صنعتی مزدوروں میں تقسیم کئے جائیں گے اور تپ دق کی علامات یعنی وزن کم ہونا ،بھوک کا نہ لگنا ،مسلسل کھانسی کا رہنا اور شام کے وقت بخار رہنے کی صورت میں متعلقہ مزدور فوری طو رپر ٹی بی کنٹرول پروگرام سے رابطہ کرے گا اور محکمہ صحت تشخیص اور علاج کی تمام سہولیات سرکاری طو رپر مزدوروں کو فراہم کرے گا۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ تپ دق کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے جس کے تحت یہ انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجربرادری نے ہمیشہ قدرتی آفات اور ہر ضرورت کے وقت عوام کی مدد کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی وباء پر قابو پانے میں بھی لاہور کے تاجروں نے حکومت کے ساتھ تعاون کیا تھا اور اب تپ دق کے مریضوں کی تلاش میں مدد دینے کے لئے یہ ایم او یو بہت مدد گار ثابت ہو گا ۔تقریب سے ایل سی سی آئی کے سینئر نائب صدر امجد علی جاوا ، شاہد اقبال بٹ ،میاں زاہد رحمن ، ملک طارق ، ملک گلزار احمد اور شیخ ابرار نے بھی خطاب کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...