پیپلز پارٹی ایک نظریے کا نام ہے،جسے کوئی ختم نہیں کر سکتا،مخدوم احمد
لاہور ( نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک نظریے کا نام ہے جسے کوئی ختم نہیں کر سکتا۔ مستقبل صرف پیپلز پارٹی کا ہے۔ ہمارا یہ دعویٰ نہ صرف نوشتہ دیوار ہے بلکہ نا قابل تردید دلائل پر مبنی بھی ہے۔ یہ پاکستان کی واحد جماعت ہے جس میں کارکنوں کے ساتھ ساتھ لیڈروں نے بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے اس کی آبیاری کی۔
یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر کارکن اور باشعور عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں متحد ہیں جو اپنے شہید قائدین کے افکار و فلسفے کی روشنی میں اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے مادرے جمہوریت شہید بیگم نصرت بھٹو کی 88 ویں سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہی کہ بیگم نصرت بھٹو ظالمانہ آمریت کیخلاف جمہوری جدوجہد کی علامت تھیں جنہوں نے پاکستانی عوام کے حقوق کی خاطر آمریت کیخلاف جنگ کے دوران تقریباً اپنا تمام خاندان گنوا دیا۔