ٹریفک نظام کی پیچیدگیوں کو مل کر ختم کرنا ہو گا،کرنل (ر) مبشر
لاہور(جنرل رپورٹر)مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ٹاؤن ہال میں ہوا۔ اجلاس میں سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد، اے سی( ہیڈ کوارٹر) ڈی سی آفس صلوت وٹو،ڈپٹی سیکر ٹری ڈویلپمنٹ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ طارق محمود، جی ایم( ایل پی سی ایل )ریحان وحید اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ لاہور میں ٹریفک کے مسائل اور پیچیدگیوں کو دُور کرنے کے لئے تمام اداروں نے ملکر کام کرنا ہے اور لاہور کی ٹریفک مینجمنٹ کا بہترین طریقے سے انتظام کرنا ہے اس کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقامات جہاں پر ٹریفک جام کے بہت زیادہ مسائل ہیں اس کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ قصورسے اور گوجرانوالہ یا دیگر شہروں سے قصور یا اوکاڑہ جانے والی ٹرانسپورٹ کو رنگ روڈ سے گزارا جائے تا کہ شہر کے اندر ٹریفک کا لوڈ کم ہو سکے۔قبل ازیں سی ٹی او لاہور رائے اعجاز احمد نے مئیر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید اور دیگر شرکاء کو لاہور میں ٹریفک مینجمنٹ کے لئے ایک تفصیلی پریزینٹیشن دی اور 67ایسے مقامات کے بارے میں بتایا جہاں ٹریفک جام کے گھمبیر مسائل ہیں۔