بھکر میں ناجائز قابضین کو 400 کنال اراضی کی الاٹمنٹ کا عدالتی فیصلہ معطل
لاہور(نامہ نگار خصوصی)سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے بھکر میں ناجائز قابضین کو 400کنال سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیاہے۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے محکمہ مال کی درخواست پر سماعت کی، محکمہ مال کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل احمد حسن اور انوار حسین نے موقف اختیار کیا کہ بھکر میں ناجائز قابضین نے 800کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھاہے اور اسکی جعلی دستاویزات تیار کر رکھی ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے بھی زاہد حسین اور دیگر کی درخواست پر ان جعلی دستاویزات کو نظرانداز کر کے 400 کنال اراضی انہیں الاٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے ،لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کیا جائے، ابتدائی سماعت کے بعد سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا ناجائز قابضین کو 400 کنال اراضی الاٹ کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے محکمہ مال اور ناجائز قابضین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر بحث کے لئے طلب کر لیا ہے۔
عدالتی فیصلہ