امن مشنز اور مہاجرین کی میز بانی میں پاکستان ہمیشہ آگے رہا

امن مشنز اور مہاجرین کی میز بانی میں پاکستان ہمیشہ آگے رہا

نیویارک / واشنگٹن(اے این این) دنیا بھر کی طرح امریکا میں بھی پاکستانیوں نے یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی شرکت نے یوم پاکستان کی تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔نیویارک میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے بھی شرکت کی جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد ملیحہ لودھی نے صدر ممنون حسین جب کہ نیویارک میں تعینات پاکستانی قونصلر راجہ علی اعجاز نے وزیراعظم نواز شریف کا پیغام پڑھ کر سنایا۔تقریب کے دوران ملیحہ لودھی نے قیام پاکستان کے لئے قربانیاں دینے پر قائد اعظم محمد علی اور بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ اپنے قیام سے آج تک پاکستان نے بہت ترقی کی ہے لیکن اب بھی بہت سے چیلنجز حل طلب ہیں۔پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے تقریب میں یوم پاکستان کے حوالے سے ملی نغمے بھی گائے۔ اس موقع پر انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت سے خوشی ہوئی، پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز اور مہاجرین کی میزبانی میں سب سے آگے رہا۔واشنگٹن میں بھی پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان جمہوری روایات برقرار رکھنے کی یاد دلاتاہے، اتحاد سے برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب پورا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، پاکستانی قیادت اور عوام دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے جبکہ ملک امن و استحکام کی جانب گامزن ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...