حکومت سکولوں میں سہولیت کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے :محمود خان

حکومت سکولوں میں سہولیت کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے :محمود خان

مٹہ ( نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخواکے وزیر کھیل ‘ثقافت‘میوزیم وامور نوجوا نان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں دیگر شعبوں کی طرح تعلیم عام کرنے اور طلبہ کو سرکاری سکولوں میں تمام تر سہولیات فراہم کرنے پر اربوں روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے تاکہ طلبہ دلجمعی کے ساتھ تعلیم حاصل کرسکیں۔انہوں نے مذید کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیادہ تر غریب اور متوسط طبقے کے بچے پڑھتے ہیں اسلئے صوبائی حکومت نے سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی اور اس مقصد کیلئے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے NTSکے ذریعے40ہزار اساتذہ کو بھرتی کیا گیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول فاضل بیگ گڑھی کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تحصیل مٹہ کے نائب ناظم محمد حکیم خان ‘ضلعی وتحصیل کونسلرز‘پی ٹی آئی مٹہ سوات کے رہنما ملک اختر علی خان کے علاوہ معززین علاقہ اور عوام بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔واضح رہے کہ ایک کروڑ 25لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا یہ سکول عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو موجودہ صوبائی حکومت نے پورا کردیا۔صوبائی وزیر محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں سود کو حرام اور نرسری سے میٹرک تک قرآن مجید ناظرہ اور ترجمے کے ساتھ پڑھنے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ درویشوں کے دور حکومت میں اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔محمود خان نہ کہا کہ بعض نام ونہاد‘مفاد پرست سیاستدان یہ کہہ کر کہ یہ منصوبے این جی اوز کررہی ہیں، اپنی منفی سوچ اور سیاست کا اظہار کر رہے ہیں حالانکہ اگر یہ سیاستدان تعصب اور نفرت کی عینک اتار کردیکھ لیں تو ان کو خود بخود اندازہ ہوجائیگا کہ یہ منصوبے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے تعاون سے این جی اوز کررہی ہے۔انہوں نے سپاس نامے میں پیش کئے گئے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 13کلومیٹر گبین جبہ سخرہ روڈ کا ٹینڈر ہوچکا ہے جس پر عنقریب تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائیگا۔انہوں نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کو اپ گریڈکرکے مڈل کا درجہ دینے ‘چڑئی روڈ کی منظوری‘باورئی کے کنارے حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور گلی کوچوں کی پختگی کا بھی اعلان کیا۔قبل ازیں صوبائی وزیر محمود خان نے تختی کی نقاب کشائی کرکے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول فاضل بیگ گڑھی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...