بھارت آزاد جموں و کشمیر میں بدامنی پھیلانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا: جنرل باجوہ

بھارت آزاد جموں و کشمیر میں بدامنی پھیلانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا: جنرل ...

راولپنڈی(این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شر پسند عناصر کی موجودگی کے پراپیگنڈہ کا مقصد آزاد جموں و کشمیر میں بدامنی پھیلانا ہے لیکن بھارت اپنے اس مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر کیل سیکٹر اور شاردا پوسٹ کا دورہ کیا، جنرل آفیسر کمانڈنگ مری میجر جنرل اظہر عباس نے پاک فوج کے سربراہ کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور حالیہ چند ماہ میں بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیف آف آرمی سٹاف کو جاری مردم شماری کے عمل میں فوج کی مدد کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں کی صورتحال اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے بھر پور جواب پر پاک فوج کو سراہا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شر پسند عناصر کی موجودگی کے پراپیگنڈاکا مقصد آزاد جموں و کشمیر میں بدامنی پھیلانا ہے لیکن بھارت اپنے اس مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور اسکے ایجنڈے سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ مقیم لوگوں کی سیکیورٹی اور تحفظ یقینی بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے علاقہ میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کی کوارڈی نیشن سے تعمیر و ترقی کے کام یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ قبل ازیں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹننٹ جنرل ندیم رضا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

مزید : ملتان صفحہ اول


loading...