او آئی سی کا غیرجانبدار مستقل انسانی حقوق کمیشن آزاد کشمیر کا دورہ کرے گا:ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ او آئی سی کا غیرجانبدار مستقل انسانی حقوق کمیشن آزاد کشمیر کا دورہ کرے گا،8رکنی وفد او آئی سی کے مختلف ممالک کے نمائندو ں پر مشتمل ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ کمیشن مقبوضہ کشمیر سے آئے مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ بھی کرے گا ،کمیشن نے بھارت سے دورے کی اجازت طلب کی ہے جبکہ انسانی حقوق کی دیگرتنظیموں نے بھی رابطہ کیاہے لیکن بھارت نے اب تک کوئی جواب نہیں دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر نے جائزہ کمیشن بھیجنے ، متاثرین،عینی شاہدین اورمقامی آبادی سے ملنے کی درخواست بھی کی تھی جس پر بھارت نے اقوام متحدہ کی پیشکش مسترد کردی تھی۔