مقبوضہ کشمیر میں یوم پاکستان
دُنیا کے دیگر ملکوں کی طرح مقبوضہ کشمیر میں تمام تر پابندیوں کے باوجود پاکستان زندہ باد کی صدائیں گونج اٹھیں۔ مقبوضہ کشمیر کی ویب سائٹ ’گریٹر کشمیر‘ کے مطابق دخترانِ ملت کی سربراہ اور حریت پسند رہنما آسیہ اندرابی کی سربراہی میں مقبوضہ کشمیر میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے ایک تقریب میں خواتین نے سبز ہلالی پرچم تھامے ہوئے تھے۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسیہ اندرابی نے کہا کہ دُنیا میں صرف دو قومیں موجود ہیں ایک وحدہ ٗ لاشریک پر یقین رہنے والے مسلمان اور دوسرے اہل کفار ہیں۔ 14 اگست 1947ء کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کی شناخت صرف اور صرف پاکستانی ہے۔ دخترانِ ملت ایک حریت پسند جماعت ہے جس کی سربراہ آسیہ اندرابی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر صدائے احتجاج بلند کرتی رہتی ہیں۔ دخترانِ ملت ہر سال پاکستان کے قومی دن مناتی ہیں۔مقررین نے اس حوالے سے یوم پاکستان کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کے انمٹ اور اٹوٹ رشتوں کو اُجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد تمام قومیتوں کی شناخت ذیلی شناختوں میں تبدیل ہو گئی ہیں اور سب سے بڑی و اہم شناخت پاکستان بن گئی ہے جو قومی شناخت ہے۔
پاکستان سے محبت کی سزا کے طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کپواڑہ میں پانچ کشمیریوں کی شہادت کے بعد سرچ آپریشن وسیع کر دیا ہے اور نعشیں لواحقین کے حوالے نہیں کیں۔ گھر گھر تلاشی کے دوران اہلکاروں کا طوفان بدتمیزی، خواتین اور بچوں سمیت اہلِ خانہ پر تشدد، گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ حاجن بانڈی پورہ میں کریک ڈاؤن کے دوران مظاہرین اور فورسز میں جھڑپیں ہوئیں۔ شہری ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز اور تجارتی ادارے بند، جبکہ انٹر نیٹ اور موبائل سروس بھی بدستور معطل ہے۔ محمد اشرف صحرائی، جنہیں حال ہی میں تحریک حریت کا چیئرمین مقرر کیا گیا ، نے کہاکہ کشمیری رہنماؤں اور تنظیموں کا داعش اور اس کے نظریات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ بھارتی فوج نے اسرائیلی ساختہ کیمیائی مواد سے حملہ کر کے کشمیریوں کے مکانات تباہ کرنے شروع کر دئیے ہیں۔
بھارتی فوجی سربراہ نے دھمکی دی تھی کہ مقامی کشمیری بھارتی فوج کی راہ میں جس طرح رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں اس سے بڑی تعداد میں نوجوان جاں بحق ہو رہے ہیں، جبکہ کئی کشمیری مجاہدین کو فرار کرانے میں مدد بھی فراہم کرتے ہیں۔ اب اگر کسی کشمیری شہری نے مدد کی اور پاکستانی پرچم لہرایاتو فوج انہیں بھارت دشمن قرار دیتے ہوئے دہشت گرد قرار دے گی اور ایسے کشمیریوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی‘‘ نے اپنی خصوصی رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ انڈین فوجی سربراہ کے سخت ترین انتباہ کے باوجود جموں وادی میں کشمیری نوجوانوں نے یوم پاکستان بھرپور انداز میں منایا۔ جمعہ کے روز مقبوضہ وادی میں جگہ جگہ ہونے والے مظاہروں میں کشمیریوں نے نہ صرف پاکستانی پرچم لہرائے،بلکہ وہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ کے فلک شگاف نعرے بھی لگاتے رہے ۔
احتجاج کرنے والے مظاہرین پاکستانی پرچم تھامے بھارتی فورسز کی جانب سے آنسو گیس کے شیل اور فائرنگ کے باوجود ’’سنگ باری ‘‘ بھی کرتے رہے۔
بھارتی ٹی وی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں تعینات بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے مودی حکومت اور وزارتِ داخلہ کو رپورٹ بھیجی ہے کہ علیحدگی پسند تنظیمیں سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت ایک بار پھر بڑے پیمانے پر احتجاج اور ’’مجاہدین‘‘ بھارتی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں اور اگلے مہینے سے ایک بار پھر وادی میں پر تشدد کارروائیوں کا آغاز ہو سکتا ہے، جس سے وادی میں ایک مرتبہ پھر کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ سکتی ہے۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی حکومت نے بھی کشمیریوں کے پُرامن احتجاج کو کچلنے اور معصوم کشمیریوں کو شہید کرنے کا منصوبہ بناتے ہوئے کشمیری شہریوں کو ڈراتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام ایسی جگہوں پر جانے سے گریز کریں جہاں احتجاج ہو رہا ہو، تاکہ وہاں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ اور شیلنگ سے لوگوں کو ’’ہلاکتوں ‘‘ سے بچایا جا سکے۔
جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نے بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری مظاہرین سے نمٹنا انتہائی مشکل مرحلہ اور بڑا چیلنج ہے ۔ وہ لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انہیں آزادی کے نام پر گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ لوگوں کو درست راستے کا انتخاب کرنا چاہئے اور سیکیورٹی فورسز کے کام میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے۔ پولیس اور فوج اور سیکیورٹی فورسز کے واضح اعلانات کے باوجود کشمیریوں کا وادی میں پاکستانی پرچم لہرانا ،انڈین سیکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کرتے رہنا اور کسی بھی دھمکی میں نہ آنا اس بات کی علامت ہے کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کشمیری پاکستان کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہر ایک کی زبان پر ایک ہی نعرہ ہے ’’ کشمیر بنے گا پاکستان۔ ‘‘