بلاول بھٹو زرداری کا پہلا الیکشن مخالفین کا آخری الیکشن ثابت ہو سکتا ہے، نثار کھوڑو
حیدرآباد(این این آئی)پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑونے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا پہلا الیکشن مخالفین کا آخری الیکشن ثابت ہو سکتا ہے، نگراں سیٹ اپ کے لئے وفاق میں مشاورت جاری ہے صوبے کے نگران سیٹ اپ کے لئے بھی مشاورت ہو گی اور وقت آنے پر نام سامنے آ جائیں گے، گرینڈ ڈس فنکشنل الائنس میں معلوم نہیں کتنی پارٹیاں ہیں مگر اس میں افراد ضرور ہیں جو قوم کے سامنے شرمندہ ہیں، عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ والے کراچی میں حکمرانی کرتے ہیں میں اس کی مذمت کرتا ہوں، عمران خان اپنا پتا خود کاٹتے ہیں شائد انہیں ایک بار پھر معافی مانگنی پڑے، 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹوکی برسی پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔وہ قاسم آباد میں صوبائی وزیر امداد علی پتافی کی رہائشگاہ پر ذوالفقار علی بھٹو کی 4اپریل کو برسی منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق پی پی حیدرآباد ، میرپورخاص اور نواب شاہ ڈویژنز کے عہدیداروں سے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے، اس موقع پر صوبائی وزیر امداد پتافی ،وقار مہدی ،سید علی نواز شاہ رضوی ،راشد ربانی اوردپیپلزپارٹی کے مقامی رہنماء بھی موجود تھے۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے قیام کو 50سال ہوچکے ہیں اس دوران کئی بار سازش کرکے پی پی کو توڑنے کی کوشش کی گئی مگر پی پی آج بھی قائم دائم ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت میں مزید منظم و مستحکم ہورہی ہے ۔
نثار کھوڑو