مظفرآباد،قبضہ گروپ نے غریب الاٹی کی زمین پر راتوں رات مکان تعمیر کرلیا
مظفرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) برنالہ چھمب میں قبضہ گروپ نے غریب الاٹی کی زمین پر راتوں رات مکان تعمیر کرلیا ‘ قبضہ گروہ کے سربراہ سمیت دیگر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج ، مرکزی ملزم صوبیدار(ر) ریاض نے ضمانت کروا لی ۔ غریب الاٹی محمد عقیل کی چیف جسٹس آزاد کشمیر ، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے بقیہ ذمہ داروں کو گرفتارکرنے کی اپیل ‘ الاٹی انصاف کیلئے دارلحکومت مظفرآباد پہنچ گیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عقیل ساکنہ برنالہ چھمب نے کہا کہ میری زمین پر چند بااثر افراد نے قبضہ کرتے ہوئے شیلٹر تعمیر کرلیا مرکزی ملزم نے ضمانت حاصل کرنے کے بعد نامعلوم افراد کی مدد سے میرا جینا حرام کردیا ہے ۔ پولیس بھی ملزمان سے ساز باز کئے ہوئے ہے ۔ محمد عقیل نے چیف جسٹس آزاد کشمیر ، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ، آئی جی آزاد کشمیر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان بااثر افراد سے چھٹکارا دلاتے ہوئے میری جائیداد پر بااثر افراد کا قبضہ ختم کروایا جائے ۔