بلدیہ ٹاؤن میں قتل میں ملوث ملزمان اسلام آباد سے گرفتار

بلدیہ ٹاؤن میں قتل میں ملوث ملزمان اسلام آباد سے گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (کرائم رپورٹر) پولیس نے گلشن غازی بلدیہ ٹاؤن میں قتل ہونے والے شخص کے قاتلوں کو اسلام آباد کے علاقے گولڑہ شریف سے گرفتار کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ اتحاد ٹاؤن ہزار چوک گلشن غازی بلدیہ ٹاؤن میں پرویز خان ولد رامداس خان کو ایک ہی خاندان کے چند افراد نے ڈنڈوں ، اینٹوں اور چھریوں کے وار کرکے زخمی کر دیا ، جسے فوری طور پر علاج معالجے کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ ون ذیشان صدیقی نے واقعے کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ویسٹ زون ون کے تفتیشی افسران پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی کہ وہ جلد سے جلد قاتلوں کو گرفتار کرے ۔ جبکہ مقتول کے لواحقین سے کیس سے متعلق معلومات حاصل کریں ۔ ڈی ایس پی سعید آباد ، ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن اور کیس کے آئی او انسٹر انوار شاہ بخاری کو ہدایات دیں کہ وہ کیس کی یومیہ بنیادوں پر رپورٹ کردیں۔ ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنے موبائل فون بند کر دیئے تھے ۔ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کئی بار چھاپے مارے گئے مگر کامیابی حاصل نہیں ہوئی ۔ ملزمان روزانہ اپنی رہائش بدل دیتے تھے ۔ 18 مارچ کو اطلاع ملی کے ملزمان اسلام آباد میں موجود ہیں ۔ ایس ایس پی نے انویسٹی گیشن افسر کو ہدایات دیں کہ وہ ضابطہ کی کارروائی کو پورا کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد روانہ ہو جائیں ۔ انوسٹی گیشن ٹیم اسلام آباد روانہ ہوئی اور 20 مارچ کو اسلام آباد کے ایک علاقے گولڑہ شریف سرئی فرال میں تھانہ گولڑہ شریف کی پولیس کے ساتھ مل کر چھاپہ مارا اور ملزمان نواب زادہ ولد ہاشم ، زرتاج زوجہ نواب زادہ ، عارف ولد نواب زادہ ، شاہ رخ ولد نواب زادہ کو ہدایت حکمت عملی سے گرفتار کر لیا ۔ جنہیں بطور ٹرانزٹ ریمانڈ کے لیے عدالت جناب جوڈیشل و سول جج اسلام کے روبرو پیش کیا ، جنہوں نے ملزمان کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔ ایس ایس پی صاحب نے انویسٹی گیشن ٹیم کی اس کامیابی پر تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے ۔