جعلی اکاو¿نٹس کیس: وزیراعلیٰ سندھ آج نیب میں پیش ہوں گے
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے متعلق تحقیقات کیلئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آج نیب میں پیش ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آج ایک اور بڑی پیشی ہوگی، نیب راولپنڈی نے وزیراعلیٰ سندھ کو ٹھٹھہ، دادوشوگرملز کیس میں ریکارڈ سمیت طلب کر رکھا ہے۔ان کو تحریری سوال نامہ بھی دیا جائے گا، مرادعلی شاہ کا بیان ڈی جی نیب عرفان منگی خود ریکارڈ کریں گے۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعلیٰ سندھ کو ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کیس میں ریکارڈ سمیت 26 مارچ کو طلب کیا تھا، مگر انہوں نے 25 مارچ کو پیش ہونے کی استدعا کی جو نیب نے منظور کر لی تھی۔ مراد علی شاہ آج نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہوں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے اومنی گروپ کی شوگر ملز کو اربوں روپے کی سبسڈی دی جس کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔قومی احتساب بیورو شوگر ملز کو دی جانے والی سبسڈی کے معاملے پر بھی تحقیقات کررہا ہے جس کے دوران بہت سی اہم باتیں سامنے آئیں۔
بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی نیب پیشی پر صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی آج حاضری کے موقع پر سیکیورٹی کو دوگنا بڑھا دیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی پیشی کے موقع پر پولیس کے ایک ہزار جوان ڈیوٹی دیں گے۔ نیب آفس کے اندر رینجرز اہلکار بھی موجود ہوں گے۔ بلاول اور آصف زرداری کی پیشی کے وقت پانچ سو اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنوں کو نادرا چوک سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔