سلمان خان کی ناراضگی نے پریانکا چوپڑا کا بڑا نقصان کردیا

سلمان خان کی ناراضگی نے پریانکا چوپڑا کا بڑا نقصان کردیا
سلمان خان کی ناراضگی نے پریانکا چوپڑا کا بڑا نقصان کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ جب کسی سے ناراض ہوجاتے ہیں تو نہ صرف اس کا کیریئر خطرے میں پڑجاتا ہے بلکہ اس کے ساتھ صلح میں بھی طویل عرصہ لگ جاتا ہے۔ سلمان خان کی ناراضگی کی واضح مثال وویک اوبرائے ہیں جو خود اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ سلمان خان کی ناراضگی نے ان کا کیریئر ختم کردیا، اسی طرح سلمان خان گلوکار اریجیت سنگھ اور ارجن کپور سے بھی ناراض ہیں لیکن اب اس فہرست میں پریانکا چوپڑا کا بھی اضافہ ہوگیا ہے جنہیں دبنگ خان کی ناراضگی کے باعث سنجے لیلا بھنسالی کی فلم سے ہاتھ دھونا پڑگئے ہیں۔
سنجے لیلا بھنسالی بالی ووڈ کے وہ ڈائریکٹر ہیں جن کے ساتھ کام کرنے کی ہر اداکار ہی خواہش رکھتا ہے لیکن پریانکا چوپڑا کی یہ خواہش ادھوری رہ گئی ہے۔ بھارتی ٹی وی چینل نیوز 18 کے مطابق سلمان خان ایک لمبے عرصے بعد سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ فلم کرنے جارہے ہیں جس میں پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کیا جانا تھا لیکن سلمان کی ناراضگی کی وجہ سے پریانکا کو فلم سے آﺅٹ کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سلمان خان کی فلم ’بھارت‘ میں پریانکا چوپڑا کو کاسٹ کیا گیا تھا اور اسی حساب سے شوٹنگ کے تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے تھے لیکن دیسی گرل نے شادی کے باعث اس فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔ پریانکا کے یوں فلم چھوڑ جانے کے باعث بھارت کے فلمسازوں کو ہیروئن کی تلاش میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور آخر کار کترینہ کیف کو اس فلم کیلئے فائنل کیا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے فلم چھوڑے جانے کے باعث سلمان خان ان سے ناراض ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اب انہیں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم سے بھی ہاتھ دھونا پڑگئے ہیں۔

مزید :

تفریح -