شہلا رضا نے وزیراعظم پر عدالتی فیصلوں سے قبل فیصلے سنانے کا الزام عائد کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہاہے کہ عمران خان عدالتی فیصلوں سے پہلے فیصلے سنا رہے ہیں،، اگر ہم تھر میں کام نہ کرتے تو لوگ مر جاتے ، ہم مقدمات کاسامنا کررہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شہلا رضا نے کہا کہ سب سے زیادہ ڈلیور سندھ میں کیا گیاہے ، جس تھر کی بات کی جاتی ہے ، وہاں یورپی یونین ہمارے ساتھ کام کررہاہے ، ان کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ تھر میں بچوں کی اموات میں پچاس فیصد کمی ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عدالتی فیصلوں سے پہلے فیصلے سنا رہے ہیں، وہ تو نمائندوں کوپیسے دینے کے خلاف تھے اور اب ایم این ایز کو فنڈز کیوں دیئے جارہے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین عمران خان کی گود میں بیٹھے ہوئے ہیں ، چیف جسٹس نے خود جاکر تھر میں پانی پیا ، ریمارکس کو فیصلہ نہیں کہتے ، وہا ں آر او پلانٹس لگائے گئے جن کا تھر میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ، اگر ہم تھر میں کام نہ کرتے تو لوگ مر جاتے ، ہم مقدمات کاسامنا کررہے ہیں،ابھی ہمیں کوئی نوٹس نہیں ملا کہ ہم بے ایمان یا کچھ اور ہیں۔