شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، ترکی میں موجود پاکستانیوں کی دیکھ بھال اور جلد وطن واپسی پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی کے وزیرِ خارجہ میولوت چاوش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ترک ہم منصب کے ساتھ ترکی میں موجود پاکستانیوں کی دیکھ بھال اور جلد وطن واپسی کا معاملہ اٹھایا، ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم پاکستانی شہریوں کا، اپنے شہریوں کی طرح خیال رکھ رہے ہیں جنہیں فلائٹس بحال ہونے پر جلد پاکستان روانہ کر دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی کے وزیرِ خارجہ میولوت چاوش اولو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ ء خیال کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے، کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان اور ترکی میں کیے گئے حفاظتی اقدامات پر بھی گفتگو کی، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرونا عالمی وبا کے پھیلاؤ کے خلاف ترکی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے، ترک وزیر خارجہ اور ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔