3ماہ کیلئے پٹرول پانی بجلی گیس پر ٹیکس ڈیوٹی اورسر چارجز ختم کر دیئے جائیں: سراج الحق

3ماہ کیلئے پٹرول پانی بجلی گیس پر ٹیکس ڈیوٹی اورسر چارجز ختم کر دیئے جائیں: ...

  



 لاہور (خصو صی رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اس بحرانی حالت میں ہر طرح(بقیہ نمبر41صفحہ12پر)

کے سیاسی اختلافات منجمد کر دئیے جانے چاہیں۔ قومی اتفاق رائے کے لیے حکومت پاکستان قومی اسمبلی پر مشتمل ایک قومی کرائسس مینجمنٹ کمیٹی بنائے۔کرونا سے نمٹنے کے لئے قومی اور بین الاقوامی بجٹ کی تقسیم اور نگرانی کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ہونی چاہیے۔ تین ماہ کے لیے پٹرول سمیت پانی بجلی گیس پر ہر طرح کے ٹیکس،ڈیوٹی اور سرچارجز وغیرہ ختم کر دیے جائیں۔ تیل کی قیمتیں دنیا بھر میں تیس فیصد تک گرگئی ہیں مگر وزیر اعظم نے صرف 15روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے جو ناکافی ہے۔ حکومت کی طرف سے مزدوروں کیلئے اعلان کردہ ماہانہ امداد تین ہزار روپے بہت کم ہے اسے کم از کم نو ہزار کیا جائے۔ سڑکوں کے ٹول ٹیکس اور گھروں کی ایکسائز ڈیوٹی بھی ختم کی جائے۔ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں اور کارخانوں کے چھوٹے ملازمین کی ایک ماہ کی تنخواہ حکومت ادا کرے۔ہم سب اجتماعی توبہ و استغفار اور مالک کائنات کی طرف رجوع کریں۔اللہ تعالی کی حدودکی پابندی اور جھوٹ،ملاوٹ، کم تو لنا، دھوکے جیسی معاشرتی برائیوں سے اجتناب کرنے کا عہد کریں۔حکومت فوری طور پر سود ختم کرنے کا اعلان کرے.۔اقوام متحدہ اور تمام ملکوں سے اپیل کی جائے کہ ایران سمیت ہر ملک پر عائد پابندیاں ختم کریں۔دنیا بھر میں جنگوں کے خاتمے کے لیے غیرملکی افواج ہر جگہ سے واپس چلی جائیں۔ کشمیر اور فلسطین کا محاصرہ فوری ختم کرایا جائے۔قوم سے اپیل ہے کہ جمعرات کو شب دعا اور جمعہ کو یوم توبہ و استغفار کے طور پر منائے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو متحد ہوکر کورونا وبا سے لڑنے کی ضرورت ہے،حکومت اور ریاست کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعتوں کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔اگر نیشنل ایکشن پلان بنا لیا جاتا تو اس بیماری سے لڑنا اور اسے شکست دینا آسان ہوجاتا۔حکومت عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے جو بھی اقدامات کررہی ہے ہم اس کی تائید کرتے ہیں اور ان کی کامیابی کیلئے ہر طرح کا تعاون دینے کو تیار ہیں۔جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے ہزاروں کارکنا ن اول روز سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔عوام کو احتیاطی تدبیر کے حوالے سے آگاہی کے ساتھ ساتھ ہمارے کارکنان عوام میں ماسک،سینی ٹائزراور دیگر ضروری اشیا ء بھی تقسیم کررہے ہیں اور دیہاڑی دار مزدوروں اور نادار و مستحق لوگوں میں خشک راشن اور پکاہوا کھانا بھی پہنچا رہے ہیں۔

سراج الحق

مزید : ملتان صفحہ آخر /صفحہ آخر