حکومت تنہا کرونا وائرس سے نہیں نمٹ سکتی تمام جماعتوں کو ساتھ دینا ہوگا: پرویز الٰہی

حکومت تنہا کرونا وائرس سے نہیں نمٹ سکتی تمام جماعتوں کو ساتھ دینا ہوگا: پرویز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر،آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت تنہا کرونا وائرس سے نہیں نمٹ سکتی، تمام پارٹیوں کو مل کر اتحاد کے ساتھ چلتے ہوئے ہر مشکل کا سامنا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے بلائی گئی آل پارٹیزویڈیو کانفرنس میں سینیٹر کامل علی آغا اور میاں منیر کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے تمام جماعتوں کو اس مسئلے پر ایک پیج پر لانے کی بلاول بھٹو کی کوشش کو سراہا۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ دیہاڑی دار افراد تک خوراک اور رقم پہنچانی چاہئے،انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ اسی صورت میں ہو سکتا ہے اگر روزانہ کی بنیاد پر تمام حالات پر نظر رکھی جائے۔چودھری پرویزالٰہی نے گلگت میں ڈاکٹر اسامہ ریاض کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ اپنے فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام جماعتوں کے ورکروں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مصیبت کے موقع پر اتحاد کا مظاہرہ کریں،چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے سارے ارکان نے کرونا فنڈ میں اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے، دوسرے صوبوں کو بھی اس اقدام کی تقلید کرنی چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی رپورٹ مثبت آنے پر ہم سب ان کی صحت کیلئے فکر مند اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جلد از جلد صحت عطا فرمائے۔بعدازاں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے امریکہ میں قید عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوششیں کرنے پر زور دیا۔پرویز الٰہی نے کہا کہ کرونا وائرس کے پیش نظر امریکہ میں بھی قیدیوں کی رہائی ہورہی ہے، قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ کو اس بارے میں ہدایت دینے اور امریکی حکام سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں چودھری پرویز الٰہی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی سے بھی رابطہ کیا اور اس حوالے سے گفتگو کی۔
پرویز الٰہی

مزید :

صفحہ آخر -