شہباز تتلہ کیس ایس ایس پی مفخر عدیل سمیت 3ملزموں کو جیل بھیج دیا گیا

شہباز تتلہ کیس ایس ایس پی مفخر عدیل سمیت 3ملزموں کو جیل بھیج دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار)ماڈل کچہری کی جوڈیشل مجسٹریٹ شازیہ محبوب نے سابق اسٹنٹ اٹارنی جنرل شہباز تتلہ اغواء اور مبینہ قتل کیس میں ملوث پولیس افسر ایس ایس پی مفخر عدیل سمیت 3ملزموں کو14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیاہے،دیگر دو ملزموں میں ایک کانسٹیبل عرفان اوراسد بھٹی شامل ہیں،اس کیس کی مزید سماعت 7اپریل کو ہوگی۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ایس ایس پی مفخر عدیل کی طرف سے آفتاب باجواہ ایڈووکیٹ نے پیش ہو کر موقف اختیار کیا کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے،شہباز تتلہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں،شہباز تتلہ قتل نہیں ہوا ہے وہ زندہ ہیں،پولیس نے کئی روز تک ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی،شہباز تتلہ پراپرٹی کے مقدمات میں ملوث ہے اور سابق وزیر کا فرنٹ مین ہے،عدالت حکم دے کہ تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے،ہمیں خدشہ ہے کہ شہباز تتلہ پراپرٹی کے مقدمات کی وجہ سے روپوش ہے،پولیس کے پاس کسی قسم کے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں،پولیس نے شواہد کی روشنی میں قتل کی دفعات لگائی ہیں سمجھ سے باہر ہے،تفتیشی افسرنے عدالت کوبتایا کہ ملزموں کے مزیدجسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں تفتیش مکمل کرلی گئی ہے،شہبازتتلہ کے وکیل نے کہاکہ مفخر عدیل اورشریک ملزموں سے ہونے والی تفتیش سے مطمئن ہیں،پراسیکیوٹرنے عدالت کو بتایا کہ آئی او نے مختلف لوگوں کے بیانات قلمبندکئے ہیں،جس جگہ سے تیزاب خریداگیااس دوکاندار کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا ہے،مفخرعدیل کے وکیل نے کہاکہ اس کیس کے حوالے سے جس کے جو منہ میں آیا وہ کہتا گیا،مقدمے میں بغیرثبوت قتل کی دفعات لگائی ہیں،عدالت سے استدعاہے کہ ایس ایس پی مفخرعدیل کو مقدمہ سے بری کیا جائے،عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد تینوں ملزموں کو14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوانے کاحکم دے دیاہے۔

شہباز تتلہ کیس

مزید :

صفحہ آخر -