برینڈ ماریہ بی کا مالک کرونا پھیلانے کے الزام میں گرفتار،رات گئے رہا

    برینڈ ماریہ بی کا مالک کرونا پھیلانے کے الزام میں گرفتار،رات گئے رہا

  



لاہور(کر ائم رپو رٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)ماریہ بی برینڈکے مالک طاہر سعید کو نشتر کالونی پولیس نے کرونا وائرس پھیلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا بعدازاں اعلیٰ شخصیات کی مداخلت پر رات گئے رہا کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سوئی گیس کالونی لاہور کا رہائشی طاہر سعید معروف برینڈ ماریہ بی کا مالک ہے اور اس نے عمر فاروق نام کا ایک باورچی رکھا ہوا تھا۔ طاہر سعید نے عمر فاروق کی طبیعت مسلسل خراب رہنے پر مقامی نجی لیبارٹری سے اس کا کرونا ٹیسٹ کرایا جو پازیٹیو آیا تو طاہر سعید نے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے بجائے مجرمانہ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمر فاروق کو اس کے آبائی شہر وہاڑی کی بس میں بٹھا دیا۔ عمر فاروق دو بسیں بدل کر وہاڑی پہنچا۔ وہ راستے میں مسافروں سے بھی ملا اور گھر جا کر اہلخانہ سے بھی ملا۔ نجی لیبارٹری کی طرف سے معمول کے مطابق جب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو عمر فاروق کی کرونا ٹیسٹ پازیٹیو آنے کی رپورٹ دی تو حکام حرکت میں آگئے۔ لیبارٹری سے دستیاب ڈیٹا کے تحت حکام نے طاہر سعید سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ عمر فاروق اپنے گاؤں چلا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے پولیس کی مدد سے عمر فاروق کو اپنی تحویل میں لے کر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا ہے جبکہ تفتیش کے بعد ماریہ بی کے مالک طاہر سعید کو بھی حراست میں لے لیکر اس کے اہل خانہ کو بھی قرنطینہ کردیا گیا۔ملزم پر الزام ہے کہ اس نے اپنے ملازم کی مہلک بیماری چھپائی۔ اس کو عام شہریوں تک جانے دیا اور باقی لوگوں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔

ماریہ بی مالک

مزید : صفحہ اول