عالمی سطح پر دشمنیاں بھو ل کر جنگ بندی، کرونا سے ملکر لڑنے کا وقت ہے: اقوام متحدہ
نیویارک(آن لائن)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کرونا وائرس کے پیش نظر عالمی سطح پر جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت مسلح تنازع کو لاک ڈاون کرنے اور اپنی توجہ ہماری زندگیوں کے لیے حقیقی خطرے سے لڑنے پر مرکوز کرنے کا ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہماری دنیا کو مشترکہ دشمن کرونا وائرس کا سامنا ہے جو کسی قومیت، لسانیت، فرقے یا مذہب کو نہیں دیکھتا۔ جب دنیا میں مسلح تنازع میں اضافہ ہوتا ہے تو خواتین، بچوں، معذور افراد، نقل مکانی کرنے والوں کو سب سے زیادہ قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ ان لوگوں میں کرونا وائرس سے ہونے والے نقصانات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ جنگ زدہ علاقوں میں صحت کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔ صحت کے ماہرین جو پہلے ہی بہت تھوڑی تعداد میں ہیں، کو اکثر ہدف بنایا جاتا ہے۔ وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اس بات کو واضح کرتی ہے کہ جنگ کتنی بڑی حماقت ہے۔انہوں نے جنگ لڑنے والے ممالک سے کہا کہ دشمنی سے پیچھا چھڑائیں، عدم اعتماد اور عداوت کو ایک طرف رکھیں، بندوق توپ کو خاموش کریں، فضائی حملے ختم کریں، یہ بہت اہم وقت ہے جان بچانے والی امداد کی راہیں کھولنے کا، سفارتکاری کے قیمتی دروازے کھولنے کا اور خطرے کے شکار افراد میں امید جگانے کا۔ جنگ کو ختم کریں اور اس بیماری سے لڑیں جو ہماری دنیا کو تباہ کررہی ہے۔
اقوام متحدہ