انسداد کرونا مہم،مساجد سے قالین اٹھانے کا سلسلہ جاری

  انسداد کرونا مہم،مساجد سے قالین اٹھانے کا سلسلہ جاری

  



لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور کورونا وائرس کے حوالے سے متحرک ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال کی خصوصی ہدایت پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں اور مساجد میں قالینوں کو اٹھانے کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عدنان رشید نے جامعہ مسجد بحریہ کا دورہ کیا۔ انتظامیہ کو مسجد میں بچھے قالین کو فوری اٹھانے کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے تحصیل ماڈل ٹاؤن میں مختلف مساجد کا دورہ کرتے ہوئے قالینوں کو اٹھوانے کے عمل کو مانیٹر کیا۔اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف کی زیر نگرانی تحصیل شالیمار میں مختلف مساجد سے قالینوں کو اٹھوانے کا عمل جاری ہے۔تحصیل کینٹ میں اسسٹنٹ کمشنر مرضیہ سلیم کی زیر نگرانی مساجد سے قالینوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے تحصیل سٹی میں موجود مختلف مساجد کا دورہ کیا۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ قالینوں کو ہٹانے کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے اورتمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیل میں موجود مساجد میں قالینوں کو اُٹھانے کو یقینی بنا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور مساجد میں بذریعہ اعلانات عوام الناس کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے مکمل آگاہی دے رہی ہے۔تحصیل سٹی میں مختلف مساجد کے ذریعے اعلانات کروائے جا رہے ہیں۔اے سی سٹی تبریز مری اپنی نگرانی میں مساجد میں اعلانات کو یقینی بنا رہے ہیں۔شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور بلا وجہ گھر سے باہر نہ نکلنے کے حوالے سے آگاہی دی جا رہی ہے۔شہری بغیر وجہ کے گھر سے باہر نہ نکلیں،حفاظتی تدابیر کو اپنائیں،ہینڈ سینیٹائزر اور سوپ سے بار بار ہاتھ دھو ئیں اوربات کرتے وقت فاصلہ رکھیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1