چائلڈ پروٹیکشن بیوروکی کرونا کے حوالے سے حکمت عملی تیار
لاہور(لیڈی رپورٹر)کروناوائرس کے حوالے سے پنجاب گورنمنٹ کی جانب سے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی سربراہی میں اس ضمن میں اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں افسران احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ایک دوسرے سے 6 فٹ کے فاصلہ اور ماسکس پہن کر شریک ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئر پرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو ایک ویلفیئر ادارہ ہے جہاں بڑی تعداد میں بے سہارا بچے رہائش پذیر ہیں۔ بچوں کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کی دیکھ بھال کیلئے سٹاف 24گھنٹے بیورو میں رہے گا۔ میڈیکل سٹاف کی جانب سے روزانہ کی بنیادوں پر بچوں کی سکریننگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کے دنوں میں بچوں کے لئے ڈیوٹی کی خدمات سر انجام دینے والے ملازمین کو الاؤنس بھی دیا جائے گا۔ حفاظتی اقدامات کے تحت بیورو میں آئسولیشن روم بھی قائم کر دیاگیا ہے۔