نقل و حرکت محدود کرنے والے محفوظ رہیں گے،جواد احمد
لاہور(نمائندہ خصوصی)چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے 2ہفتوں کے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو دیر آید درست آید کہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جو اپنی نقل و حرکت کو محدود کرے گا وہی محفوظ رہے گا اور برابری پارٹی بھی اس حوالے سے 4اپریل تک اپنی فیلڈ سرگرمیوں کو معطل کررہی ہے تاکہ ورکرز اپنے گھروں میں رہ کر اس وائرس کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں، سوشل میڈیا اور دیگر غیر سرکاری پلیٹ فارمز پر کرونا وائرس کے حوالے سے افواہوں کے سدباب اور انہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ضرور ہونی چاہیے ا یسے عناصر کسی طور پر قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔
ان کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ طبی پروفیشنلسٹ ہمارا اثاثہ ہیں اور ہر 5واں طبی ماہر اس وائرس کا خود شکار ہے مگر اپنے پروفیشن سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں جس کی مثال گلگت سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض کی ہے وہ حقیقی معنوں میں قوم کے ہیرو ہیں جو اس مرض میں مبتلا مریضوں کی خدمت کرتے ہوئے خود اس موذی مرض کا شکار ہوئے اور وفات پاگئے ہم ان کی خدمات پر انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔