فیصل آباد کا ٹیکسٹائل کی ضروریات پورا کرنے میں اہم کردار: رانا سکندر اعظم

فیصل آباد کا ٹیکسٹائل کی ضروریات پورا کرنے میں اہم کردار: رانا سکندر اعظم

  



فیصل آباد (اے پی پی) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدررانا محمد سکندر اعظم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی کل برآمدات میں ٹیکسٹائل کا حصہ 50فیصد اور اس میں فیصل آباد کا حصہ بھی 50فیصد سے زائد ہے جبکہ فیصل آباد ٹیکسٹائل کی مقامی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے لہٰذا اگرٹیکسٹائل سیکٹر کو گیس و بجلی کی ہفتہ کے ساتوں روز 24 گھنٹے بلا تعطل فراہمی سمیت مناسب ریلیف فراہم کر دیا جائے تو برآمدات میں دوگنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ اگرچہ پاکستان کے معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی حالیہ کوششوں اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کے تناظر میں توقع تھی کہ حالات میں بہت جلد بہتری آئیگی لیکن کورونا کی عالمی وباء نے ایک بار پھر پاکستان سمیت عالم اقوام کیلئے شدید مشکلات پیدا کردی ہیں مگر ہمیں کورونا سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے اسلئے امید ہے کہ ہم حکومتی کوششوں اور عوامی تعاون سے جلد اس قدرتی ۱ٓفت پر قابو پالیں گے اور دوبارہ ترقی کے سفر کا جلد ۱ٓغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یورپ اور امریکہ والے اپنی مصنوعات فروخت کرنے پاکستان آتے ہیں مگر جب انہیں یہاں سے خریداری کرنی ہوتی ہے تو پھر انہیں " ٹریول ایڈوائزریاں " یاد آجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے دنیا کے دوسرے ممالک سے ہمارے ٹوٹے ہوئے رابطے دوبارہ بحال ہو رہے ہیں تا کہ ہمیں دوسرے ملکوں سے اپنی کھوئی ہوئی منڈیاں دوبارہ حاصل کرنے میں مزید وقت لگے گا۔

مزید : کامرس