شرح سود کو کم کر کے پانچ فیصد تک لایا جائے، اسلام آباد چیمبر

شرح سود کو کم کر کے پانچ فیصد تک لایا جائے، اسلام آباد چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح کروناوائرس کی وجہ سے پاکستان میں بھی کاروباری اداروں کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ تجارتی مراکز بند ہونے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ مشکل حالات میں کاروباری اداروں کو مزید مسائل سے بچانے کیلئے حکومت شرح سود کو فوری طور پر کم کر کے پانچ فیصد تک لائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بڑے بڑے کاروباری اداروں کی بقا خطرے میں پڑ گئی ہے لہذا حکومت اس مشکل صورتحال کا احساس کرے اور کاروباری اداروں کیلئے شرح سود میں واضع کمی کرکے ان کو ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹس کا کروڑوں روپے کا خام مال اس وقت کراچی بندگارہ پر رکا ہوا ہے کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں ہے جبکہ صنعتکارخام مال کی تمام ڈیوٹیز بھی ادا کر چکے ہیں لیکن روپے کی سرکولیشن بند ہونے کی وجہ سے ان کیلئے بینکوں کی ادائیگیاں کرنا مشکل ہو گئی ہیں لہذا انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر شرح سود کو کم کر کے پانچ فیصد کرے اور کاروباری برادری کو قسطوں میں پانچ فیصد شرح سود کی ادائیگی کی سہولت فراہم کرے۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ موجودہ سنگین حالات میں کاروباری اداروں کو ریلیف فراہم کرنے کا سب سے بہتر طریقہ شرح سود میں واضع کمی کرنا ہے کیونکہ کم شرح سود کی وجہ سے کاروباری اداروں کو بینکوں سے سستہ قرضہ ملے گا جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے میں مدد ملے گی اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور چین سمیت کئی ممالک نے شرح سود میں واضع کمی کر دی ہے تا کہ کاروباری اداروں کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جائے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ جب تک کرونا وائرس کا مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک کاروباری اداروں کیلئے بجلی و گیس کے بلوں اور بینک مارک اپ کی وصولی موخر کی جائے تا کہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ نہ ہو۔
۔۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل صورتحال میں تاجر براری حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں کو مزید بڑھنے نہیں دیا جائے گا تا کہ عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تاجر براری مزدوروں اور دیہاڑی دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھی ایک فنڈ قائم کر رہی ہے تا کہ ان کو ضروری امداد فراہم کی جا سکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نھے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں تاریخی کمی ہو گئی ہے لیکن حکومت نے ابھی تک اس کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تیل کی قیمت میں کمی کا پورا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کرے جس سے کاروبار کی لاگت کم ہو گی اور مہنگائی بھی نیچے آئے گی۔ انہوں نے آئی ایم ایف پر بھی زور دیا کہ وہ موجود مشکلات کے پیش نظر پاکستان کو فراہم کردہ قرضہ معاف کرنے پر غور کرے یا پھرقرضے کی واپس ادائیگی کیلئے طویل المدت وقت دیا جائے تا کہ پاکستان کی معیشت مزید مسائل کا شکار ہونے سے بچ سکے۔

مزید :

کامرس -