شہری حکومت کی ہدایات پر خود سے عمل کریں تو اچھا ہے: غلام نبی میمن

  شہری حکومت کی ہدایات پر خود سے عمل کریں تو اچھا ہے: غلام نبی میمن

  



کراچی(کرائم رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہاہے کہ پولیس کا کام عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہے۔ یہ کام تبھی بہتر ہوسکتا ہے جب شہری پولیس کا ساتھ دیں۔ کورونا وائرس کے حوالے سے کراچی میں لاک ڈاؤن، عمل درآمد کے لیے پولیس کی کوششیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور اس دوران پولیس اہلکاروں کی سختیوں کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کے جاری کردہ بیان میں کراچی پولیس کے تمام ڈی آئی جیز بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔ کورونا وائرس کے سلسلے میں گورنمنٹ آف سندھ کے لاک ڈاون کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے لیے پولیس کو ٹاسک دیا گیا ہے۔غلام نبی میمن نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ شہری پولیس کے کسی جبر کے بغیر رضاکارانہ طور پر لاک ڈان کے احکامات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ پیر کو لاک ڈان کا پہلا دن تھا اور اس سلسلے میں کچھ گرفتاریاں بھی ہوئیں جو کہ پولیس نہیں چاہ رہی تھی کہ ایسا کچھ کرتی، ہم چاہتے ہیں کہ عوام اپنے طور پر رضاکارانہ طریقے سے سندھ حکومت کے فیصلے پر عملدرآمد کرے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا کہ اگر اس سلسلے میں پولیس اور عوام کے مابین تعاون استوار ہو جائے تو یہ 15 دن خیریت سے گزر جائیں گے اور پولیس کو کوئی ایسا کام نہیں کرنا پڑے گا جس سے پولیس اور عوام کے درمیان فاصلہ بڑھے۔ غلام نبی میمن نے کہا کہ اس دوران اگر پولیس کی جانب سے کوئی خلاف قانون بات ہوتی ہے یا عوام کی دل آزاری ہوتی ہے تو ازالہ کیا جائے گا جس کے لیے پولیس کا ایک نظام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مددگار پولیس 15 اور کراچی پولیس کے واٹس ایپ نمبر 03435142770 پر شہری شکایت درج کراسکتے ہیں جس کی فوری طور پر انکوائری کی جائے گی اور جس پولیس افسر نے کوئی زیادتی کی ہوگی اس کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا۔ متاثرہ شہری سے رابطہ کیا جائے گا اور اس کی شکایت کا ازالہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت سندھ کے سماجی رابطے ختم کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کریں تاکہ ہم یہ دو ہفتے اچھے طریقے سے گزار لیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر