ضلعی سطح پرا تھلیٹکس کے فروغ کیلئے تمام وسائل استعمال کرینگے: مجاہد اللہ ترین

    ضلعی سطح پرا تھلیٹکس کے فروغ کیلئے تمام وسائل استعمال کرینگے: مجاہد اللہ ...

  



اسلام آباد (اے پی پی) ضلعی سطح پر اتھلیٹکس کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ دنوں ڈسٹرکٹ اتھلیٹکس ایسوسی ایشن مظفر گڑھ کے چیئرمین اور سابق سیکرٹری جنرل، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کرنل (ر) مجاہد اللہ ترین نے ڈسٹرکٹ اتھلیٹکس ایسوسی ایشن مظفر گڑھ کے زیراہتمام قائد اعظم منی میرا تھن ریس کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سلمان اقبال بٹ اور ڈسٹرکٹ اتھلیٹکس ایسوسی ایشن مظفر گڑھ کے سیکرٹری محمد یامین راہی کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال کے بعد اتھلیٹکس کا کھیل دنیا کا عام مقبول ترین اور غریبوں کا کھیل ہے، پاکستان میں دیہاتی علاقوں کی سطح پر بچے بہت شوق سے اس کھیل میں حصہ لیتے ہیں، کرنل (ر) مجاہد اللہ ترین نے کہاکہ اس کھیل کی گراس روٹ سطح پر ترقی کیلئے تعلیمی اداروں کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے اور حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر اتھلیٹکس کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور مظفر گڑھ کے کئی کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل (ر) محمد اکرم ساہی دن رات ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں کو بیرون ملک تربیت کیلئے بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے کورونا وائرس سے قبل فیڈریشن کے پانچ کھلاڑیوں کو 27 دسمبر سے 27 فروری تک جدید اور اعلی تربیت کیلئے چین بھیجا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث یہ کھلاڑی زیادہ دیر تک چین میں تربیت حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ ہمارا اتھلیٹکس کے جیولین تھرو کا کھلاڑی ارشد ندیم اولمپک گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا اور ہمیں امید ہے کہ ارشد ندیم میجر جنرل(ر) اکرم ساہی کی قیادت میں اولمپک گیمز میں ملک کا نام روشن کرے گا۔ ہماری اور قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ آخر پر مجاہد اللہ ترین نے قائداعظم منی میرا تھن ریس کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلوں کا انعقاد صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے بہت ضروری ہے اور ایسے مقابلوں سے نوجوان نسل کو کئی معاشرتی برائیوں سے روکا جا سکتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈی پی او مظفر گڑھ سید ندیم عباس، پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سلمان اقبال بٹ، کرنل (ر) مجاہد اللہ ترین، راؤ عتیق الرحمن، عامرسلیم شیخ، جاوید اختر ملک اور سید امیر حسین شاہ نے میرا تھن ریس میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں اور شرکاء میں انعامات اور شیلڈیں تقسیم کیں، محمد عدنان نے قائد اعظم منی میرا تھن ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ضرار ملک اور آصف جاوید بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے، ایونٹ میں تین سو سے زائد شرکاء نے حصہ لیا۔ آفتاب نیازی، ریحان شیخ، اعجاز رسول، محمد باسط اور تنویر شاہ نے ریس میں ٹیکنیکل آفیشلز کے فرائض انجام دیئے۔ آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین چوہدری نور عالم گجر اور سیکرٹری محمد یامین راہی نے ریس میں شرکت پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے ریس کے مقابلوں میں بھر چڑھ کر حصہ لیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی