پی ایس ایل کا التوا درست فیصلہ، اظہر محمود نے تنقید کو بلاجواز قرار دیدیا

پی ایس ایل کا التوا درست فیصلہ، اظہر محمود نے تنقید کو بلاجواز قرار دیدیا

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) ملتان سلطانز کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ پی سی بی نے کرونا وائرس کے باعث درست وقت پر پی ایس ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بورڈ نے ان تمام افراد کے میڈیکل ٹیسٹ کرائے جو کہ ٹورنامنٹ میں اپنی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔ ٹیسٹ کے منفی نتائج سب کیلئے بڑی راحت کا باعث بنے۔اظہر محمود نے کہا کہ پی ایس ایل ملتوی کرنے کے اعلان میں دیر کرنے پر تنقید بلا جواز ہے کیونکہ کرونا اوائرس کے ابتدائی کیسز سامنے آنے کے بعد شائقین کا سٹیڈیم میں داخلہ بند کر دیا گیا تھا اور پھر پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی سفارشات پر ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حالات کسی کے قابو میں نہیں تاہم وہ شاہد آفریدی کی تجویز سے متفق ہیں کہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کو ایونٹ کی فاتح قرار دے دیا جائے اور ملتان سلطانز ٹرافی کی حقدار ٹھہرتی ہے تاہم اس حوالے سے ایونٹ انتظامیہ کا جوبھی فیصلہ ہوگا وہ قبول کر لیں گے۔اظہر محمود نے نسیم شاہ کے حوالے سے کہا کہ نوجوان فاسٹ باؤلر کو انجری مسائل پر قابو پانے کیلئے زیادہ کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔

 کیریئر کے ابتدائی دنوں میں وسیم اکرم اور وقار یونس بھی انجریز کا شکار ہوئے کیونکہ نوجوان باؤلر کا جسم ورک لوڈ کا عادی ہو رہا ہوتا ہے جس کے باعث انجریز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کو دورہ آسٹریلیا اور پی ایس ایل میں انجری کا سامنا ہوا۔ ان جیسے باؤلر کیلئے 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرنا آسان نہیں ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو چاہیے کہ وہ نسیم شاہ کی فٹنس اور دیگر چیزوں کا خیال رکھے جبکہ قومی باؤلنگ کوچ وقار یونس سمیت دیگر سپورٹ سٹاف بھی نسیم شاہ کے مسائل کوحل کرے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی