کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات عوام کی بہتری کیلئے ہیں، ڈاکٹر امجد علی

کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات عوام کی بہتری کیلئے ہیں، ڈاکٹر امجد علی

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ صوبہ میں کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات لوگوں کی بہتری کے لئے ہیں، صوبے میں لاک ڈاون اور شٹر ڈاون کا مقصد کرونا وائرس کے پھیلاو پر قابو پانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں شہریوں کو حد درجہ احتیاط سے کام لینا چاہئے تاکہ بیماری کے پھیلاوٗ اور اس سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان کو روکا جاسکے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس وباء کے پھیلنے سے بچاوٗکے لئے لوگوں کو خوشی کے ساتھ حکومتی احکامات پر عمل درآمدکرنا چاہئے، تاکہ اس وباء سے بچاوٗ کو ممکن بنایاجاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری بے جا گھروں سے باہر نہ نکلے، شادی بیاہ و دیگر تقریبات کو فی الوقت موخر کریں اور مصافحہ کرنے سے گریز کریں۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کرونا وائرس کا مسلط ہونا اللہ تعالی کی ناراضگی ظاہر کرتی ہے۔ کرونا وائرس کی وباء سے اللہ تعالی نے اپنی قدرت پوری دنیا کو دکھا دی ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں جب بھی وبائی صورتحال پیدا ہوئی تو انہوں نے احتیاط کی تاکید کی۔ ان کا کہنا تھاکہ موجودہ صوتحال میں شہری اپنے گھروں تک محددود رہیں،اور بازاروں میں نہ نکلنااور اس سلسلے میں احتیاط کرنا سنت نبوی پر عمل کرنے کے مترادف ہے۔ ہمیں اپنے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کو بھی گھروں تک محدود رکھنا چاہئے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر