کرونا سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری کا کوہاٹ کادورہ

کرونا سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری کا کوہاٹ کادورہ

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کورونا وائرس سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منگل کے روز کوہاٹ کااچانک دورہ کیاجہاں انہیں کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں کورونا وائرس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ انتظامیہ کورونا وائرس سے متعلق مکمل طور پر الرٹ ہے اور اس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں۔انہیں مزید بتایا گیا کہ کوہاٹ میں 200 بیڈز پر مشتمل 3 قرنطینہ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جن میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گمبٹ میں 150 بیڈز، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لاچی اور فاٹا یونیورسٹی درہ آدم خیل میں 50،50 بیڈز رکھے گئے ہیں۔اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈی اے کوہاٹ میں 70 بیڈز، دیہی مرکز صحت لاچی میں 24 بیڈز، دیہی مرکز صحت گمبٹ میں 16 بیڈز اور سول ہسپتال زرغن خیل درہ آدم خیل میں 8 بیڈز پر مشتمل آئسولیشن وارڈز بھی قائم کیے گئے ہیں۔بریفنگ میں کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید عبد الجبار شاہ، ڈی آئی جی کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبد الرحمن، پاک آرمی اور سول انتظامیہ کے حکام نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اسی طرح الرٹ رہیں اور لاک ڈاؤن کے دوران عوام کو اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔ڈاکٹر کاظم نیاز نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں اپنی اور اپنے خاندان اور ملک کے عظیم تر مفاد میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اس سلسلے میں حکومتی ہدایات اور احکامات پر من و عن عملدرآمد کریں کیونکہ یہ ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کا باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر