اللہ جلد ہمیں مشکل سے نجات دلائے گا، شوبز شخصیات

اللہ جلد ہمیں مشکل سے نجات دلائے گا، شوبز شخصیات

  



لاہور(فلم رپورٹر)شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا کہنا ہے کہ اگر پوری پاکستانی قوم نے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا تو ہم سب کو بہت جلد کرونا وائرس جیسے عذاب سے آزادی نصیب ہو گی اللہ تعالی ہماری مدد ضرورکرے گا۔ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 916ہوچکی ہے۔پاکستانی قوم کرونا کے حوالے سے کی جانے والی جدوجہد میں افواج پاکستان اور حکومت کے شانہ بشانہ ہے اور ان کی اخلاقی،سیاسی اور ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔شوبز شخصیات کا کہنا ہے کہ 14روزہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ آسان کام نہیں تھا مگر انسانی جانوں کو بچانے کیلئے یہ انتہائی اقدام بے حد ضروری تھا ہم سب مشکل کی اس گھڑی میں یکجا ہوکر موت کا سبب بننے والے اس وائرس کے خلاف جنگ لڑیں گے اور پوری دنیا کو بتادیں گے کہ پاکستانی قوم ہر مصیبت کا مقابلہ کرنے کی ہمت اور حوصلہ دونوں رکھتی ہے۔پوری دنیا جان لے ہم کل بھی ایک تھے اور آج بھی ایک ہیں۔پوری قوم کے ساتھ ساتھ تمام فنکار برادری بھی اپنی بہادر مسلح افواج کی پشت پر ہے۔ہم کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیت کررہیں گے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کو بھی چاہئے کہ انسانیت کو بچانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔سید نور،جاوید شیخ،میلوڈی کوئین آف ایشیاء پرائڈ آف پرفارمنس شاہدہ منی،مدیحہ شاہ،صائمہ نور،میگھا،ماہ نور،یار محمد شمسی صابری،سہراب افگن،سٹار میکر جرار رضوی،ملک طارق،مجید ارائیں،طالب حسین،قیصر ثنا ء اللہ خان،مایا سونو خان،عباس باجوہ،مختار چن آشف چوہدری،روینہ خان،حمیرا،عروج اور بی جی نے کرونا کی مناسبت سے اپنے بیانات میں کہا کہاس وقت ہم سب ایک انتہائی تکلیف دہ مرحلے سے گذر رہے ہیں اس موقع پر ہمیں جذبات سے نہیں صبر سے کام لینا ہوگا یہ کٹھن وقت بہت جلد گذر جائے گا۔

مزید : کلچر